سوشل میڈیا پر سنسان سڑک پر ایک لڑکی کی ڈانس کرتے ہوئے ویڈیو وائرل ہورہی ہے تاہم سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے لڑکی کو اس طرح ڈانس کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک نامعلوم لڑکی کی سنسان سڑک پر ڈانس کرنے کی ویڈیوز وائرل ہورہی ہیں۔ ویڈیو کے کیپشن میں لکھا ہے ’’اسلامی جمہوریہ پاکستان میں خوش آمدید‘‘ اور اسی جملے کے باعث نہ صرف سوشل میڈیا صارفین طیش میں آگئے ہیں بلکہ لڑکی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ایک بحث کا ہوگیا ہے۔
کچھ لوگ لڑکی کے اس طرح سرعام سڑک پر ڈانس کرنے پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ پھر سر پکڑ کر کہتی ہیں کہ ہمیں ہراساں کیا گیا۔ دعوت سرعام ہے، گھر میں کوئی گھس آئے تو چادر وچار دیواری کاتقدس پامال ہوتا ہے۔
کچھ ٹوئٹس اس خاتون کے حق میں بھی کی گئیں، لوگوں کا کہنا تھا کہ جب ڈانس کرنے پر لڑکی کو کوئی مسئلہ نہیں اس کے والدین کو کوئی مسئلہ نہیں، کپڑے بھی پورے پہنے ہیں، ڈانس میں کوئی بے ہودگی نہیں اور اسلامی جمہوریہ پاکستان میں سب کو اپنی مرضی سے زندگی انجوائے کرنے کا پورا حق دیتا ہے تو آپ اس کی والدہ نہ بنیں۔
علیزے نامی صارف نے لکھا لڑکی کے ڈانس کرنے پر اعتراض کیوں؟ لڑکے ڈانس کرسکتے ہیں اور اس وقت کسی کو احساس نہیں ہوتا کہ یہ اسلامی جمہوریہ پاکستان ہے۔ لیکن اگر لڑکی کچھ کرلے تو ہر کوئی مفتی بن جاتا ہے اور فتویٰ دینا شروع ہوجاتا ہے۔
کچھ لوگ ویڈیو کے ساتھ اسلامی جمہوریہ پاکستان کا نام لکھنے پر شدید اعتراض کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ ہمیں سمجھ نہیں آتی ہر بات کو ’’اسلامی جمہوریہ پاکستان‘‘ پہ لانا لازمی ہے؟ مطلب غلط حرکتیں ہم خود کریں اوربدنام ملک کو کریں؟ پہلے خود کو بدلو اور توجہ حاصل کرنے کے لیے ایسی ٹوئٹس کرکے اپنے ملک کو بدنام نہ کرو کیونکہ آپ بھی اسی ملک کا حصہ ہو۔