رابی پیرزادہ کی ‘چھوٹی سی بات’ کا آغاز


سابق معروف اداکارہ و گلوکارہ رابی پیرزادہ نے گزشتہ برس نومبر میں شوبز کو خیرباد کہہ کر اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کا اعلان کیا تھا۔

رابی پیرزادہ نے یہ اعلان اس وقت کیا تھا جب کہ ستمبر 2019 کے آخر میں ان کی نامناسب ویڈیوز لیک ہوئی تھیں۔

رابی پیرزادہ نے لیک ہونے والی نازیبا ویڈیوز پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سے بھی رجوع کیا تھا، تاہم تاحال ان کی ویڈیوز لیک کرنے کے حوالے سے کوئی تفتیش سامنے نہیں آ سکی۔

شوبز کو خیرباد کہنے کے بعد رابی بیرزادہ نے جنوری 2020 میں اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کا آغاز کرتے ہوئے مذہبی تعلیم لینے کی ویڈیوز شیئر کرنا شروع کردی تھی اور ساتھ ہی وہ اپنی خطاطی کی تصاویر بھی شیئر کرتی دکھائی دیں۔

یہ بھی پڑھیں: رابی پیرزادہ کا نازیبا ویڈیوز لیک ہونے پر ایف آئی اے سے رجوع

رابی پیرزادہ بعد ازاں حمد و نعت بھی کہتی دکھائی دیں اور وہ ہر بار ‘چھوٹی سی بات’ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کرتی دکھائی دیں۔

لوگوں کا خیال تھا کہ رابی پیرزادہ ‘چھوٹی سی بات’ کے نام سے کوئی یوٹیوب پروگرام کریں گی، جس میں وہ اسلامی تعلیمات دیتی دکھائی دیں گی۔

تاہم اب رابی پیرزادہ نے ‘چھوٹی سی بات’ کو باضابطہ طور پر متعارف کرادیا۔

اداکارہ نے اپنے ٹوئٹ میں ‘چھوٹی سی بات’ کو متعارف کراتے ہوئے ویب سائٹ کا لنک دیا اور انہوں نے اسی نام سے نیوز ویب سائٹ متعارف کرادی۔

مزید پڑھیں: رابی پیرزادہ کا مذہبی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کا اعلان

رابی پیرزادہ کی جانب سے متعارف کرائی گئی ‘چھوٹی سی بات’ نامی ویب سائٹ پر حالات حاضرہ کی خبروں سمیت تعلیم، صحت، لچسپ و عجیب، کھیل، عالمی اور مقامی خبروں کے سیکشن متعارف کرائے گئے ہیں اور براہ راست ویب سائٹ پر شوبز یا انٹرٹینمنٹ کا سیکشن متعارف نہیں کرایا گیا۔

ویب سائٹ سے متعلق لکھے گئے ادارے میں بتایا گیا کہ مذکورہ ویب سائٹ رابی پیرزادہ کی سربراہی میں حالات حاضرہ سمیت اسلام کی ترویج اور تعلیمات کو عام کرنے میں کردار ادا کرے گی۔

رابی پیرزادہ نے اپنی ٹوئٹ میں دعویٰ کیا کہ ان کی ویب سائٹ کے لیے ملک کے تمام شہروں میں نمائندے موجود ہیں۔

ابتدائی طور پر نیوز چھوٹی سی بات کو صرف اردو زبان میں متعارف کرایا گیا ہے۔

رابی پیرزادہ نے جہاں اپنی ویب سائٹ متعارف کرانے کا ٹوئٹ کیا، وہیں انہوں نے اپنے مداحوں کی جانب سے انہیں ترک ڈراما ارطغرل غازی کی مرکزی اداکارہ حلیمہ سلطان سے زیادہ خوبصورت قرار دینے کی پوسٹ کو بھی ٹوئٹ کیا۔

رابی پیرزادہ نے اپنے فینز کی جانب سے شیئر کردہ پوسٹ کو ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ حلیمہ اور ان سے زیادہ پیاری پاکستان کی ہر لڑکی ہے، ساتھ ہی انہوں نے مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

رابی پریزادہ نے ٹوئٹ کے ساتھ مزید لکھا کہ یقین جانیں عزت اور ذلت خدا کے ہاتھ میں ہے، گورے رنگ اور دنیا میں نہیں ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں