لاہور: بابر اعظم نے دورۂ انگلینڈ کا فیصلہ مکمل طور پر پی سی بی پر چھوڑ دیا، ان کا کہنا ہے کہ اس سیریز کیے حوالے سے مجھ سے زیادہ فیملی پریشان ہوگی، بورڈ نے ٹور کو محفوظ قرار دیا تو ضرور جاؤں گا،پاکستان نے طویل عرصے ہوم میچز نہ کھیلنے کا تلخ تجربہ کیا، اب کورونا کی وجہ سے تماشائیوں کے بغیر اسٹیڈیمز میں کھیلنا پڑے گا۔
تفصیلات کے مطابق ویڈیو کانفرنس میں بابر اعظم نے کہا کہ دنیا تبدیل ہوگئی تو کرکٹ کھیلنے اور دیکھنے کا ماحول بھی بدلے گا، بہت جلد نئی صورتحال کے تقاضوں کو سمجھنا ہوگا، انگلینڈ میں کورونا وائرس کی وجہ سے کیسز کی تعداد بہت زیادہ ہونے کی وجہ سے وہاں کا سفر کرنے والا کوئی بھی فرد خدشات کا شکار ہوگا، ٹور کی صورت میں مجھ سے زیادہ میری فیملی پریشان ہوگی لیکن اگر پی سی بی حالات کا جائزہ لینے کے بعد سیریز کو محفوظ سمجھتا ہے تو میں ضرور جاؤں گا۔ ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ پاکستانی کرکٹرز 2009 سے2019 تک یو اے ای کے خالی میدانوں میں کھیلتے رہے ہیں۔
اب تو پوری دنیا کے حالات ہی ایسے ہو گئے، بند دروازوں کے پیچھے کارکردگی دکھانے کے لیے کرکٹرز کو بھی خصوصی تحریک دلانے کی ضرورت ہوگی،نوجوان بھی اپنے ہیروز کو آنکھوں کے سامنے ایکشن میں دیکھنے سے محروم رہیں گے، انھوں نے کہا کہ ہوم سیریز نہ ہونے کی وجہ سے مشکل حالات کے باوجود پاکستان نے آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور چیمپئنزٹرافی ٹائٹل اپنے نام کیا، مشکلات کے باوجود کارنامہ سرانجام دینے میں ہماری ٹیم کا کوئی ثانی نہیں، یہ پاکستانی کرکٹ کی خوبی ہے کہ ہمت نہیں ہاری۔