لاہور:
پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ بنگلا دیش کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے بعد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی حکام اور ٹیم کی تمام تر توجہ ورلڈ کپ پر ہے، اس لئے پی سی بی ایونٹ کے دوران کسی بھی قسم کے اعلان سے گریزاں ہے۔
میگاایونٹ کے سیمی فائنلز 10 اور 11 نومبر کو طے ہیں جب کہ فائنل چودہ نومبر کو کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم پروگرام کے مطابق 15 نومبر کو دبئی سے بنگلا دیش روانہ ہوگی۔
پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ ٹکٹوں کی بکنگ پہلے سے کرائی جاچکی ہے اور پاکستان نے بنگلا دیش کے خلاف پہلا ٹی 20 میچ 19 نومبر کو کھیلنا ہے، فی الحال ڈھاکا روانگی کے پلان میں کسی قسم کی تبدیلی زیر غور نہیں۔ تاہم فائنل جیتنے کی صورت میں کوشش کی جائے گی کہ دبئی سے لاہور یا کراچی ایک دو گھنٹوں کے ٹرانزٹ کرنے کے بعد ٹیم ڈھاکا جائے۔