عالمگیر وبا کورونا کے حملے پوری دنیا میں جاری ہیں اور اب تک 210 ممالک میں 17 لاکھ 81 ہزار سے زائد لوگ متاثر جب کہ ایک لاکھ 8 ہزار سے زیادہ ہلاک ہو چکے ہیں۔
امریکا اس وقت ہلاکتوں کے اعتبار سے دنیا میں پہلے نمبر پر ہے جہا ں اموات کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ 24 گھنٹے کے دوران مزید کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد 5 لاکھ 33 ہزار 115 ہو گئی ہے۔
امریکا سے قبل اٹلی ہلاکتوں کے اعتبار سے دنیا میں پہلے نمبر پر تھا مگر اب یہ دوسرے نمبر پر آگیا ہے جہا ں اموات کی تعداد 19 ہزار 468 ہے جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 52 ہزار 271 ہو چکی ہے۔
اسپین میں بھی عالمگیر وبا سے 16 ہزار 606 افراد موت کی وادی میں جا چکے ہیں جب کہ فرانس میں 13 ہزار 832 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
برطانیہ بھی کورونا وائرس سے شدید متاثرہ ممالک میں شامل ہے جہاں اب تک 9 ہزار 875 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں جب کہ ایران میں 4 ہزار 375 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
چین نے کافی حد تک کورونا پر قابو پا لیا ہے اور اب وہاں زندگی معمول کی جانب گامزن ہے، وہاں اب کیسز کی تعداد 82 ہزار 52 ہے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 3339 ہے۔
بیلجیم میں 3 ہزار سے زائد جب کہ جرمنی میں 2 ہزار 871 اور ترکی میں ہزار سے زائد افراد اب تک ہلاک ہو چکے ہیں۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اب تک 17 لاکھ81 ہزار 53 افراد میں سے 4 لاکھ 4 ہزار 554 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔