کیلی فورنیا:
چند روز قبل دنیا بھر میں ہونے والے انٹرنیٹ کے بڑے بریک ڈاؤن میں ایمازون سمیت میڈیا سے تعلق رکھنے والی معروف ویب سائٹس بند ہونے کی وجہ ہیکنگ یا تخریب کاری نہیں بلکہ ایک شخص کی ناداستہ طور پر کی گئی غلطی تھی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کلاؤڈ کمپیوٹنگ ادارے فاسٹلی نے چند روز قبل انٹرنیٹ کے بڑے بریک ڈاؤن اور اس کے نتیجے میں فاسٹلی کی خدمات لینے والی ای کامرس، انٹرٹینمنٹ، میڈیا اور سوشل نیٹ ورکنگ کی متعدد ویب سائٹس ڈاؤن ہونے کی تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ جاری کردی ہے۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ تمام تر خدشات اور پیش گوئیاں غلط ثابت ہوئیں۔ انٹرنیٹ کے بریک ڈاؤن کی وجہ ہیکنگ یا تخریب کاری نہیں تھی بلکہ ’سروس کنفیگریشن میں کی گئی تبدیلی کے دوران ایک کسٹمر کی جانب سے سوئے ہوئے بگ کو نادانستگی میں جگا دینا تھا اور اسی بگ نے انٹرنیٹ کا بریک ڈاؤن کیا۔
کمپنی کا اپنی رپورٹ میں مزید کہنا تھا کہ آئندہ ایسے مسئلے سے بچنے کے لیے حل ڈھونڈ لیا گیا ہے اور اب وہ اندرونی آڈٹ کر رہے ہیں کہ ٹیسٹنگ کے دوران بگ کی نشاندہی کیوں نہیں کی جا سکی تھی۔
واضح رہے کہ 8 جون کو دنیا بھر میں انٹرنیٹ کے بڑے بریک ڈاؤن کی وجہ سے ایمازون، بی بی سی، سی این این سمیت کئی معروف ویب سائٹس بند ہوگئی تھیں۔ اچانک بند ہونے والی یہ ویب سائٹس فاسٹلی نامی کمپنی سے سروس لیتی تھیں۔