دراز قد، نیلی آنکھوں اور پیسے والے شخص سے شادی کروں گی، حمیمہ ملک


معروف اداکارہ حمیمہ ملک کے حوالے سے نومبر 2019 میں یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ انہوں نے قریبی و دیرینہ دوست اکبر ڈیڈھی سے منگنی کرلی تاہم ان خبروں کی تصدیق نہیں ہو سکی تھی۔

لیکن اب اداکارہ نے بتایا ہے کہ وہ کس طرح کے شخص سے شادی کرنا چاہیں گی۔

حمیمہ ملک نے اپنی بہن اداکارہ دعا ملک کے ساتھ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام (بول نائٹ ود احسن) میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر سمیت نجی زندگی کے حوالے سے کھل کر بات کی۔

دونوں اداکاراؤں نے احسن خان کے پروگرام میں عید کے دوسرے روز شرکت کی، جہاں انہوں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے پہلی بار کسی پروگرام میں ایک ساتھ شرکت کی ہے اور وہ پہلی بار اسکرین پر ایک ساتھ دکھائی دے رہی ہیں، اس سے قبل صرف ان کی ایک ساتھ تصاویر لی جا چکی ہیں۔

حمیمہ ملک نے نومبر 2019 میں لاہور میں ایک شادی میں شرکت کی، جس دوران یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ انہوں نے منگنی کرلی—فوٹو: انسٹاگرام
حمیمہ ملک نے نومبر 2019 میں لاہور میں ایک شادی میں شرکت کی، جس دوران یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ انہوں نے منگنی کرلی—فوٹو: انسٹاگرام

پروگرام کے دوران حمیمہ ملک نے بتایا کہ انہوں نے محض 14 برس کی عمر میں کیریئر کا آٖغاز کیا تھا اور انہوں نے پہلی بار رنگ گورا کرنے کی کریم کا اشتہار کیا تھا جب کہ اس وقت ان کی رنگت سانولی تھی۔

اداکارہ نے اپنے کیریئر کے حوالے سے دیگر موضوعات پر بھی کھل کر بات کی اور ساتھ ہی انہوں نے اپنی دوسری شادی کے حوالے سے بھی مزاحیہ انداز میں بات کی۔

احسن خان کی جانب سے شادی کے لیے پسندیدہ شخص کے سوال پر حمیمہ ملک نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ وہ ایک ایسے شخص سے شادی کریں گی جن کی رنگت گوری ہو، دراز قد ہو، بہت پیسے والا ہو، ان کے پاس گاڑیاں بھی ہو، اس کی آنکھیں بھی نیلی ہوں اور نیلا کوٹ بھی پہنے ہوئے ہو۔

حمیمہ ملک نے دوسری شادی کے لیے پسندیدہ شخص کے لیے بظاہر مذاق ہی کیا لیکن ان کی جانب سے جواب دینے سے قبل ہی ان کی بہن دعا ملک نے انکشاف کیا کہ اس کی پسند تھوڑے تھوڑے وقت میں بدل جاتی ہے۔

دعا ملک نے انکشاف کیا کہ حمیمہ ملک کی پسندیدہ شخص سے متعلق سوچ بدلتی رہتی ہے، وہ کبھی کس طرح کے شخص سے شادی کی خواہش کرتی ہیں تو کبھی کسی دوسری طرح کے شخص کے لیے سوچتی ہیں۔

دعا ملک کی جانب سے انکشاف کیے جانے کے بعد احسن خان نے حمیمہ ملک سے پوچھا کہ آج وہ کس طرح کے شخص سے متعلق سوچ رہی ہیں؟

جس پر اداکارہ نے سنجیدہ ہوتے ہوئے جواب دیا کہ وہ ایسے شخص سے شادی کرنا چاہیں گی جو ان کے والد کی طرح ہوں۔

حمیمہ ملک نے وضاحت کی کہ جس طرح ان کے والد نے ان کی والدہ کی عزت کی، انہیں طاقت اور حوصلہ دیا، اسی طرح وہ بھی چاہیں گی کہ ان کا شوہر انہیں ہمت، حوصلہ و طاقت دے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ انہیں ایک ایسا شخص ملے جو ان کی تمام زندگی کو جانتے ہوئے بھی انہیں عزت دے، ان کا ساتھ دے کر انہیں حوصلہ اور ہمت دے، انہیں جذباتی و ذہنی طور پر سکون فراہم کرنے سمیت انہیں طاقت بخشے۔

خیال رہے کہ حمیمہ ملک نے 2010 میں اداکار شمعون عباسی سے شادی کی تھی لیکن یہ شادی صرف 2 سال ہی چل سکی تھی اور اس جوڑے نے 2012 میں اپنے راستے الگ کرلیے تھے۔

حمیمہ اور دعا ملک پہلی بار کسی ٹاک شو میں ایک ساتھ شریک ہوئی تھیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
حمیمہ اور دعا ملک پہلی بار کسی ٹاک شو میں ایک ساتھ شریک ہوئی تھیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

بول نائٹ ود احسن پروگرام کے دوران دعا ملک نے بھی اپنی ذاتی زندگی اور کیریئر پر کھل کر بات کی اور انکشاف کیا کہ جب وہ غیر شادی شدہ تھیں تو وہ اپنی ماں کو کہتی تھیں کہ وہ گلوکار راحت فتح علی خان سے شادی کریں گی۔

دعا ملک کا کہنا تھا کہ راحت فتح علی خان سے شادی کی خواہش پر والدہ انہیں بتاتی تھیں کہ وہ پنجابی ہے اور ان سے شادی کر بھی لے گا۔

اسی دوران حمیمہ ملک نے انکشاف کیا کہ دعا ملک کو کم عمری میں احمد جہانزیب بھی بہت پسند تھے، وہ ان پر فدا ہوتی تھیں، جس پر دعا ملک نے خود بتایا کہ جب وہ کم عمر تھیں اس وقت وہ احمد جہانزیب کی گاڑی کے سامنے کھڑی ہوگئی تھیں۔

خیال رہے کہ دعا ملک بھی شادی شدہ ہیں اور انہوں نے گلوکار سہیل احمد سے شادی کر رکھی ہیں، ان کے 2 بچے بھی ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں