خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں آندھی، طوفانی بارش کے دوران پیش آئے مختلف حادثات میں 15 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو1122 کے ترجمان کے بلال فیضی نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 15 ہو گئی ہے جب کہ اس سے قبل ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122 نے کہا تھا کہ آندھی اور طوفان کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 10 ہوگئی جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122 نے کہا کہ زخمیوں کی تعداد 25 سے زائد ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا مختلف واقعات میں گھروں کی چھتیں اور دیواریں منہدم ہوئیں جب کہ ریسکیو 1122 کی جانب کرک، بنوں اور لکی مروت میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
نگران وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے بارش اور آندھی کے باعث ہونے والے نقصانات پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں آندھی و طوفانی بارش ہوئی اور مختلف اضلاع سے 10 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت زیادہ متاثرہ اضلاع بنوں، لکی مروت اور کرک کی انتظامیہ سے رابطے میں ہے، متاثرہ اضلاع کے ہسپتالوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور دیگر ادارے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور آندھی اور طوفانی بارش سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔