پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومل شیخ نے اپنے پھوپھا، اداکار بہروز سبزواری کے خواتین کے تنگ ملبوسات پہننے پر دیے گئے بیان پر اپنے ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔
مومل شیخ نے نجی ٹی وی کے شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے شوبز کیریئر کے بارے میں تفصیل سے بات کی۔
اس شو کے دوران مومل شیخ نے اپنے پھوپھا، اداکار بہروز سبزواری کے خواتین کے بارے میں دیے گئے بیان پر اپنا ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ وہ ان کا ذاتی نظریہ ہے یا ہو سکتا ہےکہ جب وہ اس انٹرویو کے لیے آ رہے تھے تو اُنہوں نے ایسی کسی چیز کا مشاہدہ کیا ہو اور شو میں اس حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کر دیا ہو۔
اُنہوں نے کہا کہ جب ہم لوگ کسی ٹاک شو میں جاتے ہیں تو ہمیشہ اسکرپٹ کے مطابق بات نہیں کرتے بلکہ جو کچھ ہمارے دل و دماغ میں ہوتا ہے وہ بیان کر دیتے ہیں۔
مومل شیخ نے خواتین کے لباس کے متعلق کہا کہ میں کسی کی رائے یا کسی کے ذہن کو تبدیل نہیں کر سکتی، ہر کسی کو اپنے مطابق زندگی گزارنے کا مکمل حق ہے۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل سینئر اداکار بہروز سبزواری نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ خواتین کو تنگ لباس پہن کر بائیک پر نہیں بیٹھنا چاہیے۔
اس انٹرویو کے بعد بہروز سبزواری کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔