خدارا ماسک خریدنا بند کریں، امریکی سرجن کی عوام سے اپیل


امریکی سرجن جنرل ڈاکٹر جیروم ایڈمز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خدارا عام ماسک خریدنا بند کریں۔

امریکی سرجن جنرل ڈاکٹر جیروم ایڈمز نے سوشل میڈیا پیغام کے ذریعے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ماسک خریدنے والے عوام سے کہا کہ ماسک آپ کو کورونا وائرس سے بچانے میں مؤثر نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کے مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹر اور میڈیکل عملے کو قلت کے باعث ماسکس فراہم نہیں ہو پائیں گے تو ان کی اور ان سے وابستہ لوگوں کی جانوں کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

سوشل میڈیا پیغام میں امریکی سرجن جنرل کا کہنا تھا کہ خود کو اور اپنے ارد گرد کے لوگوں کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ اپنی روزمرہ زندگی میں احتیاطی تدابیر اپنائی جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ  اگر آپ بیمار ہیں تو گھر پر ہی رہیں، باقاعدگی سے صابن اور پانی سے ہاتھ دھوئیں اور فلو کی ویکسین لگوائیں۔

خیال رہے کہ جان لیوا کورونا وائرس کے خوف سے بڑی تعداد میں عوام فیس ماسک خرید رہی ہے جس کی وجہ سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں ماسک کی قلت ہوگئی ہے۔

چین میں مہلک وائرس کے مزید 573 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر متاثرہ افراد کی تعداد 79 ہزار 824 ہو گئی ہے۔

کورونا وائرس نے چین میں مزید 35 زندگیاں نگل لی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 2870 ہوگئی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں