حکومت سندھ کا کراچی کے ایکسپو سینٹر کو ‘کورنا ویکسین سینٹر’ بنانے کا فیصلہ


حکومت سندھ نے کراچی کے ایکسپو سینٹر کو کورونا ویکسین سینٹر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سلسلے میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے دیگر سرکاری عہدیداران کے ہمراہ ایکسپو سینٹر کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔

ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ کولڈ چین اور دیگر ضروری انتظامات جلد مکمل کیے جائیں گے، جبکہ ویکسین مرحلہ وار کی جائے گی۔

انہوں نے اس ضمن میں فرنٹ لائن ورکرز کا ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کی۔

دوسری جانب پارلیمانی سیکریٹری قاسم سومرو نے کہا کہ شہر میں ویکسین کا مرکز ایکسپو سینٹر ہوگا، انتظامات کا جائزہ لیا گیا ہے اور تمام اقدمات فوری اٹھا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی ویکسی نیشن کے حوالے سے ابتدائی لائحہ عمل تیار کر لیا گیا ہے اور تمام ڈسٹرکٹ اینڈ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال اور ریجنل ہیلتھ سینٹرز میں قائم کیے جائیں گے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے جمعرات کے روز ویکسی نیشن کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے ویکسین کی قومی حکمت عملی پر عملدرآمد کے بارے میں ایک خصوصی سیشن منعقد کیا تاکہ ویکسین کی دستیابی اور مؤثر انتظام کو یقینی بنایا جا سکے۔

این سی او سی کے اجلاس میں وبا کے اتار چڑھاؤ کے حوالے سے اعداد و شمار اور ویکسین کی قومی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فورم کو بتایا گیا کہ حکمت عملی کے تحت محکمہ صحت کے عملے کو سب سے پہلے ویکسین لگائی جائے گی جس کے بعد 65 سال سے زائد عمر کے افراد کو ترجیح دی جائے گی کیونکہ ان کے مہلک وائرس سے متاثر ہونے کا زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔

اس میں مزید کہا گیا کہ حفاظتی ٹیکوں کی حکمت عملی کے دوسرے مرحلے کے دوران تمام ہیلتھ کیئر ورکرز اور 60-64 سال عمر کے لوگوں کو کورونا وائرس کی ویکسین پلائی جائے گی۔

فورم نے آگاہ کیا کہ پہلی سہ ماہی تک تمام ہیلتھ کیئر ورکرز کو کووڈ-19 ویکسین کے لگا دی جائے گی۔

خیال رہے کہ وفاقی کابینہ کی خصوصی کمیٹی نے چین کی سرکاری کمپنی سینوفارم سے ویکسین کی 11 لاکھ خوراک (ڈوز) کی پہلے سے بکنگ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

سینوفارم نے اعلان کیا کہ اس کی کووڈ-19 ویکسین 79.34 فیصد مؤثر ہے جس کے بعد ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان نے ہنگامی بنیادوں پر استعمال کی منظوری کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ 2021 کی پہلی سہ ماہی کے اختتام سے پہلے ہی 11 لاکھ خوراکیں اچھی طرح سے حاصل کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا تھا کہ چونکہ ہر فرد کو دو خوراکیں دی جائیں گی، لہٰذا 10فیصد ویکسین خراب ہونے کی صورت میں 5 لاکھ افراد کو یہ ویکسین دی جائے گی۔


اپنا تبصرہ لکھیں