حریت رہنما سید علی گیلانی کی وفات کی خبروں کی تردید، طبیعت شدید ناساز


سری نگر: حریت کانفرنس کے بزرگ رہنما سید علی گیلانی کی طبیعت شدید ناساز ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق چیئرمین آل پارٹیز حریت کانفرنس سید علی گیلانی اس وقت نظر بند ہیں اور اچانک طبیعت بگڑنے کے بعد وہ شدید علیل ہیں۔

ترجمان حریت رہنما کا کہنا تھا کہ  سید علی گیلانی کی طبیعت طویل نظربندی کے باعث خراب ہوئی، انہیں پھیپھڑوں میں انفیکشن سے سانس لینے میں مشکلات ہیں۔

ترجمان نے کشمیری عوام سے سید علی گیلانی کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی درخواست کی۔

دوسری جانب سید علی گیلانی کی طبیعت ناساز  ہونے کے باعث ان کے انتقال کی افواہیں گردش کرنے لگی تھیں جس کی تردید ان کے صاحبزادے نسیم گیلانی نے کی۔

نسیم گیلانی نے بتایا کہ ان کے والد کی نظر بند ہونے کی وجہ سے صرف  طبیعت خراب ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ  بھارتی انتظامیہ نے کشمیر میں لاک ڈاؤن کر کے مقبوضہ وادی میں دہشت اور خوف کی فضاء قائم کر رکھی ہے اور سید علی گیلانی سمیت سینئر حریت قیادت کو گھروں میں نظر بند یا گرفتار کر رکھا ہے۔

چند روز قبل اپنے گھر میں نظر بند سید علی گیلانی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ کشمیری اپنے خوابوں کی تعبیر حاصل کرنے کے لیے جدو جہد کر رہے ہیں جو کہ پاکستان کی صورت میں اُن کے سامنے موجود ہے، کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ اپنا مستقبل بنانے کے لیے مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں