پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار ابرار الحق کا ساتھی گلوکار جواد احمد کے بارے میں کہنا ہے کہ وہ ایک ناکام اور حاسد انسان ہیں۔
ابرار الحق نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی شو کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں ان سے یہ سوال پوچھا گیا کہ’جواد احمد آپ کے بارے میں کہتے ہیں کہ آپ ایک مذہبی منافق انسان ہیں تو اس بارے میں آپ کا کیا کہنا ہے؟‘
اُنہوں نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ صرف اللّٰہ کرسکتا ہے کہ میں منافق ہوں یا نہیں لیکن اگر کوئی انسان آپ پر ایسا الزام لگائے تو آپ کو اپنے بارے میں نظرثانی ضرور کر لینی چاہیے۔
گلوکار نے کہا کہ میں نے بھی خود پر نظرثانی کی اور مجھے لگتا ہے کہ میرے بارے میں ان کا بیان درست نہیں ہے کیونکہ میں ہمیشہ اپنے بیانات میں اللّٰہ کا ذکر کرتا ہوں اور جواد احمد کو میری یہ بات بالکل پسند نہیں ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ جواد احمد کے مطابق کوئی بھی گنہگار آدمی اس طرح اللّٰہ کا ذکر نہیں کرسکتا لیکن میں سمجھتا ہوں کہ گنہگار انسان کو تو اللّٰہ کا ذکر زیادہ کرنا چاہیے۔
ابرار الحق نے کہا کہ کچھ لوگ دوسروں سے حسد کرتے ہیں تو میں یہ دعا کرتا ہوں کہ اللّٰہ تعالیٰ حاسدوں کے حسد سے بچا کر رکھے ایسے لوگوں کی زندگی دراصل ناکامیوں سے بھری ہوتی ہے جس میں ان کا کوئی قصور بھی نہیں ہوتا لیکن وہ ان ناکامیوں کی وجہ سے ہمیشہ غصے میں رہتے ہیں تو پھر اس غصّے میں اس طرح کی باتیں کر جاتے ہیں۔
اُنہوں نے میوزک کیریئر میں جواد احمد کے ساتھ اپنے مقابلے کے بارے میں کہا کہ جو بھی ایوارڈ کی تقریب ہوتی تھی اس میں ایوارڈ مجھے مل جاتا تھا اب یہ سب اللّٰہ کے کام ہیں اس میں میرا کوئی کمال نہیں ہے لیکن مجھے جواد کے لیے برا محسوس ہوتا تھا۔
گلوکار نے کہا کہ جواد احمد مجھے کاپی کرنے کی بھی بہت کوشش کرتے رہے ہیں جب میں نے سماجی کاموں میں حصّہ لینا شروع کیا تو ابتداء میں اُنہوں نے کہا کہ جو لوگ میوزک سے فارغ ہوجاتے ہیں تو وہ سماجی کام کرنے لگتے ہیں۔
اُنہوں نے انکشاف کیا کہ جواد احمد نے میرے سماجی کاموں میں خلل ڈالنے کی بھی کوشش کی یہاں تک کہ جعلی کالز بھی کروائیں لیکن ان کی کالز بھی میرا کچھ نہیں بگاڑ سکیں۔