سال کے سب سے بڑے ٹینس کے مقابلے ومبلڈن اوپن کو بھی کورونا وائرس کے سبب منسوخ کردیا گیا ہے۔
کورونا وائرس کی عالمی وبا کے سبب دنیا بھر کی عالمی سرگرمیاں اور کھیلوں کے مقابلے منسوخ ہونے کا سلسلہ جاری ہے اور اب سال کے سب سے بڑے ٹینس کے مقابلے ومبلڈن چیمپیئن شپ کو بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: کورونا کے سبب یورو کپ اور کوپا امریکا ایک سال کیلئے مؤخر
یہ جنگ عظیم دوئم کے بعد پہلا موقع ہے کہ ومبلڈن اوپن کو منسوخ کیا گیا ہے۔
ومبلڈن کا آغاز 29 جون سے ہونا تھا اور اولمپکس کی منسوخی کے بعد تاریخ کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ خالی اسٹیڈیم میں میچز کے انعقاد کا مشورہ دیا گیا تھا۔
لیکن کھلاڑیوں کی جانب سے اسٹیڈیم میں کھیلنے سے انکار اور اسپانسرز کے ممکنہ انکار کے پیش نظر ایونٹ کو بالآخر منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ومبلڈن کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ ہم انتہائی افسوس کے ساتھ اس بات کا اعلان کرتے ہیں کہ آل انگلینڈ کلب کے مرکزی بورڈ اور چیمپیئن شپ کی مینجمنٹ کی کمیٹی نے کورونا وائرس کے سبب عوام کی صحت کو لاحق خطرات کے پیش نظر ومبلڈن چیمپیئن شپ کو منسوخ کردیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ 134ویں ومبلڈن چیمپیئن شپ اب آئندہ سال 28 جون سے 11 جولائی تک منعقد ہوگی۔
ومبلڈن انتظامیہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ہمارے لیے ومبلڈن کا انعقاد یقینی بنانے والے برطانیہ اور دنیا بھر کے عوام، کھلاڑیوں، مہمانوں، اراکین، عملے، رضاکاروں، شراکت داروں اور مقامی افراد کی صحت اور حفاظت اولین ترجیح ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کمیٹی آف مینجمنٹ نے فیصلہ کیا کہ چیمپیئن شپ کو منسوخ کرنا ہی عوام کی صحت کے مفادات مدنظر رکھتے ہوئے بہترین فیصلہ ہے۔
اس سلسلے میں اعلان کیا گیا کہ جن لوگوں نے ٹکٹ خرید لیے تھے ان کو رقم جلد واپس کردی جائے گی اور ان سے براہ راست رابطہ کر کے آئندہ سال اسی دن کی ٹکٹ دوبارہ خریدنے کا ترجیحی بنیادوں پر موقع فراہم کیا جائے گا۔
جنگ عظیم دوئم کے بعد پہلی مرتبہ ومبلڈن کو منسوخ کیا گیا ہے اور عین ممکن ہے کہ نومبر میں شیڈول ڈیوس کپ کے مقابلوں کی منسوخی کا بھی جلد اعلان کردیا جائے۔
ادھر فرنچ اوپن کو مئی سے ستمبر میں منتقل کردیا گیا ہے جس پر متعدد کھلاڑیوں نے برہمی کا اظہار کیا ہے کہ انتظامیہ نے ان سے ایونٹ منتقل کرنے سے قبل رائے نہیں مانگی۔
کورونا وائرس کا آغاز چین کے شہر ووہان سے ہوا تھا جہاں صرف چین میں وائرس سے 3 ہزار سے زائد ہلاکتیں رپورٹ ہوئی تھیں۔
ابتدائی طور پر یہ وائرس صرف چین تک محدود تھا لیکن بعد ازاں یہ مشرق وسطیٰ اور یورپ میں انتہائی تیزی سے پھیلنے لگا اور اٹلی میں اب تک سب سے زیادہ 125 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
دنیا بھر میں اب تک وائرس سے 44 ہزار 264 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 8 لاکھ 85 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔
کورونا وائرس کے سبب ومبلڈن اوپن متاثر ہونے والا کھیلوں کا پہلا مقابلہ نہیں بلکہ اس سے قبل بھی متعدد کھیلوں کے مقابلوں کو منسوخ کیا جا چکا ہے۔
کرکٹ کے تمام مقابلے تاحکم ثانی منسوخ کیے جا چکے ہیں جبکہ یورو کپ، کوپا امریکا اور اولمپکس سمیت تمام ہی مقابلوں کو وائرس کے سبب منسوخ کردیا گیا ہے۔