جنوبی افریقہ، برطانیہ کے کھلاڑی پاکستان آمد پر کورونا ٹیسٹ کی شرط سے مستثنیٰ


راولپنڈی: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے پاکستان کے سفر سے قبل 29 برطانوی اور جنوبی افریقی بین الاقوامی کرکٹ کھلاڑیوں اور معاون عملے کو کورونا وائرس کے ٹیسٹ کرانے کی ضرورت سے استثنیٰ دے دیا جبکہ دیگر شرائط ان کی آمد کے بعد یہاں پوری ہوں گی۔

سی اے اے نے 15 فروری سے شروع ہونے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹی 20 کرکٹ لیگ میں بین الاقوامی کھلاڑیوں کی شرکت میں آسانی پیدا کرنے کے سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی درخواست کی منظوری دے دی۔

پی ایس ایل ٹی ٹونٹی کرکٹ میچوں کا چھٹا ایڈیشن کراچی اور لاہور میں کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ سی اے اے نے چھ ممالک، برطانیہ، جنوبی افریقہ، برازیل، آئرلینڈ، پرتگال اور نیدرلینڈ کو سی کیٹیگری والے ممالک میں رکھا ہے۔

سی کیٹیگری میں شامل ممالک کے بین الاقوامی مسافروں پر کورونا وائرس کے حوالے سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی گائیڈ لائن کے مطابق ملک میں داخلے پر پابندی ہے اور صرف چند شرائط کے ساتھ انہیں اجازت ملتی ہے۔

ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا کہ سی کیٹیگری والے ممالک سے آنے والے مسافروں کے لیے منظوری اس شرط سے مشروط ہے کہ مسافروں کی آمد کے بعد ہیلتھ اتھارٹیز کے ذریعے طے شدہ پی سی آر ٹیسٹنگ، لازمی قرنطینہ اور دیگر رسمی مراحل مکمل کریں گے۔

لہذا برطانیہ اور جنوبی افریقہ کے بین الاقوامی کھلاڑیوں اور معاون عملے کو بھی پی سی آر ٹیسٹنگ، لازمی قرنطینہ اور دیگر شرائط کا پابند ہونا تھا جیسا کہ پاکستانی محکمہ صحت کے حکام نے بیان کیا تھا۔

ان کے طے شدہ سفر کے شیڈول کے مطابق کھلاڑی اور عملہ قطر ایئرویز، اتحاد ایئر ویز اور امارات ایئر لائنز کے ذریعے پاکستان پہنچیں گے۔

اسی دوران سی اے اے نے کہا ہے کہ 29 جنوری کو کورونا وائرس کے حوالے سے جاری کردہ ایس او پیز میں 28 فروری تک توسیع کردی گئی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں