اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے یوم عاشور کے موقع پر قوم کو اپنے پیغام میں کہا کہ آج حرمت والے مہینے محرم الحرام کی 10 تاریخ ہے اور پوری دنیا میں مسلمان آج نواسہ رسول ﷺ اور ان کے ساتھیوں کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمان حضرت امام حسینؓ کی شہادت کی لازوال قربانی کی یاد تازہ کر رہے ہیں، جذبہ شبیریؓ مسلمانوں کے ایمان و یقین، سچائی اور اصول پسندی کی روایت کو جلا بخشتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اسلام کے ابدی پیغام اور جذبہ قربانی کی لازوال روایت کی آبیاری کا سرچشمہ ہے۔
وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ہمیں کشمیر میں بھارتی سامراج سے برسرپیکار عوام کی قربانیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرنا چاہیے، مقبوضہ کشمیر کے عوام نے حق پر قائم رہتے ہوئے سنتِ امام حسینؓ کو زندہ رکھا۔
عمران خان نے کہا کہ گزشتہ کچھ عرصہ سے کورونا نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، اللہ کی مدد، حکومت کے بروقت اقدامات سے کورونا کے پھیلاؤ پر کافی حد تک قابو پا لیا۔