جاپان: کمپنی ملازم نے تمام شہریوں کے نجی ڈیٹا سے بھری یو ایس بی کھو دی

جاپان: کمپنی ملازم نے تمام شہریوں کے نجی ڈیٹا سے بھری یو ایس بی کھو دی


جاپان کے شہر اماگاساکی میں ایک کمپنی ملازم نے نشے کی حالت میں پورے شہر کے لوگوں کی نجی معلومات سے بھری یو ایس بی کھو دی۔

ٹیکس سے مستثنیٰ گھرانوں کو سہولتیں فراہم کرنے والی کمپنی کے مذکورہ ملازم نے دفتر کے ساتھیوں کے ہمراہ شراب پینے سے قبل یو ایس بی اپنے بیگ میں رکھ دی تھی۔

جاپانی نشریاتی ادارے ’این ایچ کے‘ کی خبر کے مطابق اس نے سڑک پر ہوش کھونے سے قبل ایک مقامی ریسٹورنٹ میں شراب پیتے ہوئے کئی گھنٹے گزارے، بالآخر جب اس کے اوسان بحال ہوئے تو اسے احساس ہوا کہ اس کا بیگ اور یو ایس بی دونوں غائب ہیں۔

کمپنی ملازم نے رات کو دفتر کے ساتھیوں سے ملاقات سے قبل شام کو تمام شہریوں کی ذاتی معلومات کو یو ایس بی میں منتقل کیا تھا۔

شہری حکام نے بتایا کہ یو ایس بی میں محفوظ کی گئی معلومات میں تمام شہریوں کے نام، تاریخ پیدائش اور پتے شامل تھے۔

اس میں ٹیکس کی تفصیلات، بینک اکاؤنٹ نمبر اور سوشل سیکیورٹی سے استفادہ کرنے والے خاندانوں کی معلومات سمیت مزید حساس ڈیٹا بھی شامل ہے۔

مذکورہ ملازم کا نام فی الحال ظاہر نہیں کیا گیا ہے، شہری حکام نے بتایا کہ یہ اس کمپنی ملازم کی خوش قسمتی ہے کہ یو ایس بی میں موجود ڈیٹا پہلے ہی انکرپٹڈ اور پاس ورڈ کے ساتھ لاک ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ تاحال ایسی کوئی اطلاع نہیں ہے کہ کسی نے یو ایس بی میں محفوظ معلومات تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی ہو۔

تاہم اس شرمناک واقعے نے حکام کو معافی مانگنے پر مجبور کردیا، شہر کے میئر اور دیگر عہدیداروں نے شہریوں سے باقاعدہ معذرت کی۔

اماگاساکی شہر کے ایک عہدیدار نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ’ہمیں اس بات کا گہرا افسوس ہے کہ ہم نے عوام کے شہر کی انتظامیہ پر اعتماد کو گہرا نقصان پہنچایا ہے‘۔


اپنا تبصرہ لکھیں