معروف بھارتی مصنف، منظر نگار اور شاعر جاوید اختر نے حال ہی میں ریلیز ہونے والی ہالی ووڈ فلم ’اوپن ہائیمر‘ سے متعلق اپنی رائے پر سوال اُٹھانے والے صارف کو طنزیہ انداز میں جواب دے کر چُپ کروا دیا۔
جاوید اختر نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر فلم ’اوپن ہائیمر‘ کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ میں نے آج پی وی آر جوہو میں فلم ’اوپن ہائیمر‘ کا شام 6 بجے کا شو دیکھا۔
اُنہوں نے فلم کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ یہ صرف اچھی نہیں بلکہ بہترین فلم ہے۔
جاوید اختر کا یہ ٹوئٹ وائرل ہونے کے کچھ دیر بعد ایک صارف نے فلم کے بارے میں ان کی رائے پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ براہِ کرم آپ آئسوٹوپ (Isotope) کی وضاحت کر دیں۔
اُنہوں نے صارف کے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ یہ مادے کی سب سے چھوٹی اکائی ہے جس میں کسی عنصر کی تمام خصوصیات موجود ہوتی ہیں۔
جاوید اختر نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے لکھا ہے کہ لیکن فلم کو سمجھنے کے لیے سائنسی اصطلاحات کے بارے میں جاننا ضروری نہیں ہے کیونکہ یہ ایک ایسے ’انسان کی کہانی‘ ہے جو سائنسدان بنتا ہے۔
واضح رہے کہ فلم ’اوپن ہائیمر‘ کے جنون نے دنیا کو ریلیز ہوتے ہی اپنے سحر میں جکڑ لیا ہے اور یہ فلم دنیا بھر میں باکس آفس پر شاندار کارکردگی دکھا رہی ہے۔