ثروت گیلانی کے شوہر فہد مرزا نے اپنی کامیابی کا سہرا پہلی اہلیہ کے سر سجا دیا

ثروت گیلانی کے شوہر فہد مرزا نے اپنی کامیابی کا سہرا پہلی اہلیہ کے سر سجا دیا


حال ہی میں بیٹی کے والد بننے والے پاکستانی اداکار و معروف سرجن فہد مرزا نے اپنی کامیابی کا سہرا اپنی پہلی اہلیہ کے سر سجا دیا۔

گزشتہ دنوں فہد مرزا نے فیشن میگزین کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے کیرئیر کے ابتدائی دنوں کے بارے میں کھل کر گفتگو کی۔

دوران انٹرویو ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب میرا ثروت سے پہلی بار بریک اپ ہوا تھا اس وقت میں بہت ٹوٹ گیا تھا۔ ثروت کے جانے کے بعد میں ایک زندہ لاش کی طرح تھا۔ اس وقت اللہ تعالیٰ سے روتے ہوئے دعا کی کہ اب زندگی میں آگے کیا کرنا ہے راستہ دکھا دے۔

فہد مرزا نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ میری اسی دعا کا نتیجہ ہے کہ میری پہلی اہلیہ میری زندگی میں آئیں۔

انہوں نے بتایا کہ وہ مجھ سے 15 برس بڑی تھیں، ان کے 3 بچے پہلی شادی سے تھے، میں 26 برس کا تھا جب ان سے شادی کے بعد میں نے اپنا گھر اور اپنی فیملی بھی چھوڑ دی تھی۔

انہوں نے اپنی اہلیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میری پہلی بیوی نے مجھے بہت کچھ سیکھایا، میرا اُس وقت ساتھ دیا جب میرے گھر والے مجھے نکما کہتے تھے، مجھے مضبوط بنانے میں میری مدد کی اور آج میری ترقی میں ان کا بہت بڑا کردار ہے، اگر وہ نہ ہوتی تو شاید میں آج پاکستان میں بھی نہیں ہوتا بلکہ امریکا چلا جاتا اور وہاں اتنا کامیاب نہ ہوتا جتنا پاکستان میہں ہوں۔

فہد مرزا کے مطابق ان کی علیحدگی خاصی خوشگوار انداز میں ہوئی تھی اور وہ دونوں آج بھی ایک دوسرے کا بہت احترام کرتے ہیں۔ علیحدگی کے بعد کبھی ان کے بارے میں بات نہیں کی۔

واضح رہے کہ پہلی اہلیہ سے علیحدگی کے بعد فہد مرزا اور پاکستانی اداکارہ ثروت گیلانی 2014 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔ ان کے دو بیٹے روحان مرزا اور آریز مرزا ہیں، روحان کی پیدائش 2015 اور آریز کی پیدائش 2017 میں ہوئی تھی۔ اب حال ہی میں ان کی بیٹی ’ایلا نور‘ کی پیدائش ہوئی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں