تھپڑ تنازع، وارننگ پر حارث کی جان چھوٹ گئی

تھپڑ تنازع، وارننگ پر حارث کی جان چھوٹ گئی


 لاہور: 

تھپڑ تنازع میں حارث رؤف کی وارننگ پر جان چھوٹ گئی۔پیر کے روز لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے مابین لیگ میچ کے دوران حارث رؤف کی گیند پر کامران غلام کیچ نہ تھام سکے، اسی اوور میں فواد احمد نے کیچ لیا تو وکٹ کا جشن مناتے ہوئے کامران غلام خوشی سے لپکے لیکن حارث رؤف نے انہیں تھپڑ دے مارا۔

ذرائع کے مطابق میچ کے بعد ریفری علی نقوی نے پیسر کو طلب کیا تو انھوں نے اس معاملے کو دوستانہ کہا،میچ ریفری نے انھیں مستقبل میں محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے سمجھایا کہ گراؤنڈ میں اس طرح کے ہنسی مذاق سے کھیل کی شہرت کو نقصان پہنچانا درست نہیں ہے، اس ہدایت کے ساتھ معاملہ ختم کردیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چونکہ معاملہ ایک ٹیم کے 2 کھلاڑیوں کا تھا اس لیے سنگین قرار نہیں پایا،آن فیلڈ امپائرز نے بھی اس حوالے سے کوئی شکایت میچ ریفری سے نہیں کی، کھلاڑیوں کو واقعے کے بعد گراؤنڈ میں ہنستے کھیلتے بھی دیکھا گیا۔

اس حوالے سے لاہور قلندرز کے چیف آپریٹنگ آفیسر ثمین رانا کا کہنا ہے کہ ہمارا پورا اسکواڈ ایک فیملی کی طرح ہے،حارث رؤف اور کامران غلام کی ایک دوسرے سے گہری دوستی ہے، حارث غصے میں اپنے دوست کو مارنے کا سوچ بھی نہیں سکتا، آپس کے مذاق میں حارث نے کندھے پر ہاتھ مارنا چاہا تھا جسے زور دار تھپڑ بنا دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ حارث رؤف اور کامران غلام کی اس سے پہلے اور بعد کی ویڈیوز بھی دیکھنی چاہیئں، لاہور قلندرز کے کھلاڑی متحرک ہیں اور ملتان سلطانز کے خلاف کوالیفائرپرتوجہ مرکوز ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں