اسلام آباد : نگراں حکومت کی جانب سے ڈالر کی قیمت میں کمی کیلئے کیے جانے والے اقدامات کے باعث عوام کو توقع تھی کہ اب ہر چیز سستی ہوجائے گی، تاہم تعمیراتی شعبے میں اس حوالے سے اچھی خبر سامنے آئی ہے۔
تفصلات کے مطابق پاکستان بیورو برائے شماریات نے سیمنٹ کی خوردہ (ریٹیل) قیمت کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملک بھر میں سیمنٹ کی فی بوری کی خوردہ قیمت میں گزشتہ ہفتے کے دوران معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
پی بی ایس کی رپورٹ میں کہا گیاہے کہ8 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں ملک کے شمالی علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری کی اوسط ریٹیل قیمت 1196 روپے ریکارڈ کی گئی جو پیوستہ ہفتے کے مقابلے میں معمولی سی کم ہے۔
اسی طرح جنوبی علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری اوسط ریٹیل قیمت 1187 روپے ریکارڈ کی گئی جو پیوستہ ہفتے میں بھی 1187 روپے تھی۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران اسلام آباد میں سیمنٹ کی فی بوری کی اوسط ریٹیل قیمت 1172 ، راولپنڈی 1177، گجرانوالہ 1220، سیالکوٹ 1200، لاہور 1230، فیصل آباد 1200، سرگودھا 1180، ملتان 1203، بہاولپور 1230، پشاور 1180 اور بنوں میں 1160 روپے ریکارڈ کی گئی ہے۔
اسی طرح کراچی میں سیمنٹ کی فی بوری کی اوسط ریٹل قیمت 1157، حیدرآباد 1180، سکھر1150 ،لاڑکانہ 1173، کوئٹہ 1190 اور خضدار میں 1170 روپے ریکارڈ کی گئی ہے۔