ترک حکومت شہر میں ٹرام سروسز چلانے میں مدد کیلیے تیار


 کراچی: 

 ترکی کی حکومت کراچی میں ایم اے جناح روڈ اور آئی آئی چندریگر روڈ پر ٹرام سروس چلانے میں پاکستانی حکومت کی مدد کرے گی۔

ترکی کے قونصل جنرل تولگا یوک نے جمعرات کی صبح بلدیہ عظمیٰ کراچی کے صدر دفتر کے دورے کے موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی سے ملاقات کے دوران ایم اے جناح روڈ پر نمائش تا ٹاور جبکہ آئی آئی چندریگر روڈ پر شاہین کمپلیکس تا ٹاور ٹرام سروس چلانے پر تعاون کی پیش کش کی ہے اس سے کراچی کے شہریوں کو ایک بار پھر جدید اور بہتر ٹرانسپورٹ کی سہولت حاصل ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ٹرام ماس ٹرانزٹ سسٹم کا اہم حصہ شمار ہوتی ہیں جن کے ذریعے بڑے شہروں میں ایک جگہ سے دوسری جگہ سفر میں خاصی سہولت ملتی ہے اور وقت اور ایندھن کی بچت بھی ہوتی ہے، ترکی کا اہم شہر استنبول اپنی منفرد ٹرام سروس کے حوالے سے شہرت رکھتا ہے اور اس اقدام سے استنبول کی طرز پر کراچی کو خطے میں سیاحتی مرکز کے طور پر ترقی دینے میں مدد ملے گی، ملاقات میں ترک قونصل خانے کے کمرشل اتاشی ایوب یلدرم بھی موجود تھے۔

کراچی میں ٹرام سروس چلانے کے حوالے سے بھرپور تعاون کی پیشکش پر ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے ترکی کی حکومت اور قونصل جنرل کا شکریہ ادا کیا، شہر میں کم خرچ اور تیز رفتار ٹرانسپورٹ کی ضرورت کے پیش نظر ابتدائی طور پر شہر کی دو انتہائی مصروف شاہراہوں ایم اے جناح روڈ اور آئی آئی چندریگر روڈ پر ٹرام سروس متعارف کرانے پر اتفاق کیا گیا جس پر مزید غور  کے بعد مزید کارروائی عمل میں آئے گی۔

ترکی کے قونصل جنرل نے کراچی میں موجود لائبریریوں کو بہتر بنانے اور انھیں جدید خطوط پر استوار کرنے میں معاونت فراہم کرنے کی بھی پیشکش کی، انھوں نے کہا کہ ترکی کی حکومت اس سلسلے میں بھرپور تعاون کرے گی۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے ٹرام سروس چلانے میں مدد اور کراچی کی لائبریریوں کو بہتر بنانے میں تعاون کی پیشکش پر میں ترکی کی حکومت کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں