اسلام آباد:
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے ترسیلات زر کو فروغ دینے کیلیے اوورسیز پاکستانیوں کیلیے موبائل ایپ متعارف کرانے کی منظوری دیدی ہے۔نیشنل ریمٹنس لائلٹی پروگرام کے تحت اورسیز پاکستانیز کو مراعات دی جائیں گی، اسٹیٹ بینک اکتوبر کے آخر تک ایپ جاری کرے گا،وزارت خزانہ کے مطابق ای سی سی کا اجلاس وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت ہوا جس میں نیشنل ریمٹنس لائلٹی پروگرام کے اسٹرکچر اور مالی اثرات کی منظوری دی گئی۔
پروگرام کے تحت اورسیز پاکستانیوں کیلیے اکتوبر کے آخر تک موبائل ایپ متعارف کرائی جائے گی جس کا مقصد ترسیلات زر بڑھانے کیلیے ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے،وزیر خزانہ شوکت ترین نے ریمٹنس لائلٹی پروگرام اور موبائل ایپ کے اجرا سے پہلے اسٹیٹ بینک کو دیگر تمام اسٹیک ہولڈرز سے ضروری مشاورت کی ہدایت کر دی۔
سیکریٹری خزانہ یوسف خان نے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا کہ گزشتہ مالی سال ریکارڈ 29 ارب 40 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں، ترسیلات زر کا سالانہ ہدف 31 ارب 25 کروڑ ڈالر مقرر کر رکھا ہے۔