بالی ووڈ کے معروف اداکار رنبیر کپور بیٹی راہا کپور کی پیدائش کے بعد سے اکثر انٹرویوز میں باپ بننے کے بعد زندگی میں آنے والی تبدیلی کے بارے میں پوچھے جانے والے مختلف سوالات کے جوابات دیتے نظر آرہے ہیں۔
رنبیر کپور نے حال ہی میں اپنی کزن، اداکارہ کرینہ کپور کے شو ’وٹ ویمن وانٹ‘ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے دلچسپ سوالات کے مزاحیہ انداز میں جوابات دیے۔
کرینہ نے شو میں رنبیر سے سوال کیا کہ’ گزشتہ سال آپ کی زندگی میں بہت سارے خوشیوں بھرے لمحات آئے جیسے کہ آپ نے شادی کی پھر آپ باپ بھی بن گئے تو کیا آپ نے ابھی تک اپنی بیٹی کا ڈائپر تبدیل کیاہے؟
رنبیر کپور نے اس سوال کے جواب میں کہا کہ’میں نے بیٹی کا ڈائپر بھی تبدیل کرنا سیکھ لیا ہے لیکن میں اسے ڈکار دلانے میں ماسٹر ہوں‘۔
کرینہ نے شو میں رنبیر سے یہ سوال بھی پوچھا کہ’وہ کونسا لمحہ تھا جب تمہیں عالیہ کو دیکھ کر لگا کہ اب تم دال چاول کھانے کے لیے تیار ہو‘۔
اس سوال پر رنبیر کپور نے کہا کہ’میں یہ کہوں گا کہ میں ایک اچھا شوہر ہوں‘۔
واضح رہے کہ رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ گزشتہ سال اپریل میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے جس کے بعد ان کے گھر نومبر میں ایک بیٹی کی پیدائش ہوئی جس کا نام’راہا کپور‘ رکھا ہے۔