وزارت تجارت کی جانب سے ایکسپورٹ پالیسی آرڈر 2020 جاری کردی گئی ہے جس کے مطابق اب بیرون ملک گفٹ بھیجنے پر پابندی عائد ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وزارت تجارت کے ایکسپورٹ پالیسی آرڈر2020 میں بتایا گیا ہے کہ 5 ہزار ڈالر سے زائد کا گفٹ بیرون ملک ارسال نہیں کیا جاسکے گا اور ایکسپورٹ پابندی والی اشیا کے سیمپل بھی بیرون ملک بھیجنے کی ممانعت ہوگی۔
دستاویزات کے مطابق 25 ہزار ڈالر سالانہ سے زیادہ قیمت کے سیمپل بیرون ملک ایکسپورٹ آرڈر حاصل کرنے کیلئے نہیں بھیجے جاسکیں گے اور آٹو موبائل کمپنیاں 1 لاکھ ڈالرسالانہ سے زائد قیمت کے سیمپل نہیں بھیج سکیں گی۔
پالیسی کے تحت پاکستانی کرنسی میں افغانستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کو اشیا برآمد کا فیصلہ کیا گیا جس میں فروٹ، سبزیاں، ڈیری کی مصنوعات اور گوشت برآمد کرنے کی اجازت دی گئی ہے اور یاد رہے کہ افغانستان کو طورخم، چمن، غلام خان اور قمر الدین کاریز کے راستے برآمدات ہونگیں۔
پالیسی کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی برآمد آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے ذریعے ہوگی اور فارما سیوٹیکل کمپنیاں نئی ادویات اور اشیا کی لانچ پر ایکسپورٹ آرڈر 20 سیمپل کے طور پر بیرون ملک بھیج سکیں گی۔