معروف پاکستانی گلوکار امانت علی کا کہنا ہے کہ بہت سارے بڑے گلوکار’تُکّے‘ پر میوزِک انڈسٹری کا حصّہ بنے۔
امانت علی نےحال ہی میں ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے پاکستان میوزِک انڈسٹری کی صورتحال اور موسیقی سے متعلق پاکستان میں پائے جانے والے عام خیالات کے بارے میں بات کی۔
اُنہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ موسیقی حلال ہے یا حرام کیونکہ وہی لوگ جو یہ کہہ رہے ہوتے ہیں کہ موسیقی حرام ہے وہ خود موسیقی سن بھی رہے ہوتے ہیں۔
گلوکار نے مزید کہا کہ لوگ موسیقی سنتے ہیں لیکن وہ اپنے بچوں کو موسیقی سیکھنے کی اجازت نہیں دیتے تو جب ہمارے ملک میں موسیقی سیکھی نہیں جاتی تو پھر کوئی اس بات کا اندازہ کیسے کر سکے گا کہ کونسا موسیقار زیادہ اچھی موسیقی تخلیق کرتا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ اسی لیے ہماری انڈسٹری میں بہت سارے بڑے گلوکار ایسے ہیں جو کہ صرف’تکّے‘ پر میوزِک انڈسٹری کا حصّہ بنے اور مشہور ہوگئے حالانکہ اور بہت سارے ایسے زبردست موسیقار اور گلوکار ہمارے ملک میں موجود ہیں جو مجھ سے اور بہت سے دیگر بڑے گلوکاروں سے اچھا گاتے ہیں لیکن وہ ہماری میوزِک انڈسٹری کا حصّہ نہیں بن سکے۔