’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘ میں جیٹھا لال کا کردار ادا کرنے والے دلیپ جوشی نے دھمکی سے متعلق خبروں کو بالکل غلط قرار دے دیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دلیپ جوشی کو 2 مارچ سے خیریت دریافت کرنے کیلئے مسلسل کالز موصول ہو رہی ہیں۔
ایک نامعلوم کالر نے پولیس کو اطلاع دی تھی کہ دلیپ جوشی کے گھر کو 25 مسلح افراد نے گھیر لیا ہے۔
پولیس نے جوشی کی رہائش گاہ پر نفری بھیجنے کے علاوہ کال کی تفتیش بھی شروع کر دی ہے۔
لیکن جب اداکار دلیپ جوشی کو فون کرکے خبر کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے اسے بالکل غلط قرار دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ خبر جھوٹی ہے، ایسا کچھ نہیں ہوا، مجھے نہیں معلوم کہ یہ بات کہاں اور کیسے شروع ہوئی، یہ خبر دو دن سے گردش کر رہی ہے اور میں یہ سن کر بہت حیران ہوا ہوں۔
دلیپ جوشی کا کہنا تھا کہ بھلا ہو اس کا جس نے یہ غلط خبر پھیلائی، مجھے اتنے لوگوں کے فون آئے، میرا حال چال پوچھنے کیلئے، اتنے پرانے دوستوں اور دور کے رشتےداروں نے فون کیے، ان سے بات کرکے خوشی ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ اس جھوٹی خبر سے مجھے معلوم ہوا کہ کتنے لوگ مجھ سے پیار کرتے ہیں، کتنے سارے لوگ میرے لیے اور میری فیملی کیلئے پریشان تھے۔