بھارتی گلوکارہ ہرشدیپ کور نے متحدہ عرب امارات میں اپنے کنسرٹ کے دوران لیجنڈ پاکستانی قوال عابدہ پروین اور گلوکارہ نصیبو لال کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
پاکستانی ڈیجیٹل کریئٹر ثوبیہ سلیم کی جانب سے اپنی انسٹا اسٹوری پر شیئر کی گئی ہرشدیپ کور کے کنسرٹ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
اس وائرل ویڈیو میں بھارتی گلوکارہ کو عابدہ پروین اور نصیبو لال کا کلام ’تو جھوم‘ پڑھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
اس وائرل ویڈیو کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے اور ملے جلے سے ردِ عمل کا اظہار بھی کیا جارہا ہے۔
کچھ صارفین کا کہنا کہ کچھ عرصہ پہلے تک پاکستانی گلوکار بالی ووڈ کی فلموں کے لیے گانے گایا کرتے تھے لیکن یہ دیکھنا فخر کی بات ہے کہ آج ہمارے گلوکاروں کو سرحد پار سے گلوکار خراجِ تحسین پیش کررہے ہیں۔
تاہم کچھ صارفین کی جانب سے بھارتی فلمسازوں اور گلوکاروں کو پاکستانی میوزِک کو اپنی ملکیت سمجھنے اور بغیر اجازت کے کاپی کرنے پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا جارہا ہے۔