پونے:
بھارتی میڈیا کے مطابق پونے کی ہائی وے پر معروف لکھاری جاوید اختر اور ان کی اہلیہ اداکارہ شبانہ اعظمی کو حادثہ پیش آگیا، ان کی گاڑی ایک ٹرک سے جا ٹکرائی، تصادم اتنا زوردار تھا کہ گاڑی کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ جوڑا باندرہ میں جاوید اختر کی سالگرہ منانے کے بعد واپس آرہا تھا کہ حادثے کا شکار ہوگیا۔
کار اور ٹرک کے درمیان تصادم میں اداکارہ شبانہ اعظمی کو شدید چوٹیں آئی ہیں، ڈرائیور بھی زخمی ہوا تاہم جاوید اختر محفوظ خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔ حادثے میں ایک نامعلوم خاتون بھی زخمی ہوئیں جن کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
امدادی ادارے اور ہائی وے پولیس نے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں شبانہ اعظمی کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔ حکومت اور شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے جاوید اختر کو فون کرکے خیریت دریافت کی اور اداکارہ کی مکمل صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔