بھارت میں ماؤ نواز باغیوں کے حملے میں 17 پولیس کمانڈوز ہلاک


راج پور: بھارت میں ماؤ نواز باغيوں نے پولیس کمانڈوز کے قافلے پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 17 اہلکار ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے جب کہ 12 اہلکار لاپتہ ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع سکما سے گزرنے والے پولیس کمانڈوز کے قافلے پر 300 سے زائد ماؤ نواز باغیوں نے حملہ کر دیا، حملہ آوروں کی اندھا دھند فائرنگ کی زد میں آکر میں 17 اہلکار ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔

پوليس سپرنٹنڈنٹ شلاب سنہا نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے میڈیا کو بتايا کہ ماؤ نواز باغيوں کے ایک گروہ نے پوليس کمانڈوز کے قافلے کو گھات لگا کر حملے کا نشانہ بنايا، جوابی کارروائی میں 4 باغی بھی مارے گئے۔ حملے کے بعد سے 12 اہلکار لاپتہ ہیں۔

حملے کا شکار ہونے والے کمانڈوز اس علاقے میں باغیوں کیخلاف آپریشن کرنے گئے تھے تاہم اس سے قبل ہی ماؤ باغیوں نے کمانڈوز پر حملہ کردیا جس کے بعد دونوں کے درمیان کئی گھنٹوں تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ باغی جاتے ہوئے بھارتی پولیس کا اسلحہ بھی لے گئے۔

واضح رہے کہ بھارتی ریاستوں جھاڑ کھنڈ، مغربی بنگال، اڑيسہ، بہار، چھتيس گڑھ، مہاراشٹرا اور آندھرا پرديش سمیت ديگر رياستوں ميں 1960 سے ماؤ نواز کارکنان بھارت سے آزادی کیلیے مسلح جدوجہد کر رہے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں