بھارت: فریج میں گائے کا گوشت ملنے کا الزام، 11 مسلمانوں کے گھر گرا دیے گئے

بھارت: فریج میں گائے کا گوشت ملنے کا الزام، 11 مسلمانوں کے گھر گرا دیے گئے


نام نہاد سیکولر ملک بھارت میں گائے کے نام پر مسلم دشمنی کا سلسلہ جاری ہے، یہ سلسلہ عیدالاضحیٰ قریب آتے ہیں زور پکڑ لیتا ہے۔

بھارت کی ریاست مدھیا پردیش میں فریج سے گائے کا گوشت ملنے کا الزام لگا کر 11 مسلمانوں کے گھروں کو مسمار کر دیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ گھروں میں کچھ گائیں ذبح کرنے کے لیے رکھی گئی ہیں جس کے بعد کارروائی کی گئی۔

بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ گائے کے گوشت کی غیر قانونی خرید و فروخت کے خلاف کارروائی کی گئی، گھر سرکاری زمین پر بنائے گئے تھے، گھروں کے پچھلے حصے میں 150 گائیں موجود تھیں۔

بھارتی پولیس نے الزام عائد کیا ہے کہ گھروں میں موجود فریج سے گائے کا گوشت بھی ملا تھا جبکہ کمروں سے گائے کی چربی، کھال اور ہڈیاں وغیرہ بھی ملی تھیں۔

بھارتی پولیس نے بتایا ہے کہ اس معاملے پر مقدمہ درج کر کے ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ 10 افراد کی تلاش جاری ہے، یہ تمام افراد مسلمان ہیں۔

بھارتی پولیس کے مطابق مدھیا پردیش میں گائے ذبح کرنے پر 7 سال قید کی سزا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں