لندن:
بیریوں کے غیر معمولی فوائد سامنے آتے رہتے ہیں اور اب بلیو بیری کے متعلق انکشاف ہوا ہے کہ وہ نہ صرف ذیابیطس کو قابو میں رکھتی ہیں بلکہ دل کے لیے مفید ثابت ہوسکتی ہے۔کلینکل نیوٹریشن نامی تحقیقی جرنل میں شائع رپورٹ کے مطابق ایک کپ بلیو بیری کا روزانہ استعمال دل کو مجموعی طور تندرست رکھتا ہے۔ اس کی وجہ جادوئی کیمیائی اجزا ہیں جو بلیو بیری میں عام پائے جاتے ہیں۔ ان میں اینتھوسیانِن اور فینولِکس کی بڑی مقدار پائی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ کولیسٹرول کو بھی قابو میں رکھتے ہیں۔
یہ تحقیق یونیورسٹی آف ایسٹ اینجلیا کے سائنسدانوں نے کی ہے جس میں صرف 45 افراد کو شامل کیا گیا جن میں 29 مرد اور 16 خواتین شامل تھیں، انہیں روزانہ ایک کپ بلیوبیری چھ ماہ تک کھلائی گئی۔
ان سب افراد کو توانائی سے بھرپور کھانے کھلائے گئے۔ اس کے لیے ملک شیک جیسے ایک گاڑھے مشروب کی 500 گرام مقدار میں 26 گرام بلیو بیری پاؤڈر شامل کیا گیا تھا۔ وجہ یہ ہے کہ یہ مشروب کیلوریز کے لحاظ سے ایک بڑے برگر، سافٹ ڈرنک اور فرائیز کے برابر تھا۔ دوسرے گروپ کو ملک شیک جیسا مشروب دیا گیا اور فرضی پاؤڈر دیا گیا لیکن اس کے اثر ہلکا اور فاسٹ فوڈ جیسا نہ تھا۔
ہربھاری کھانے کے بعد 30، 60، 90، 120، 180 اور 360 منٹ بعد خون کے نمونے لیے گئے ۔ ٹیسٹ میں انسولین، گلوکوز، لائپڈس اور لائپوپروٹین کی سطح معلوم کی گئی۔ پہلے یہ عمل 21 روز تک جاری رکھا گیا۔
معلوم ہوا کہ جن افراد نے بھاری غذا کے باوجود بھی بلیوبیری کا سفوف استعمال کیا تھا ان میں کولیسٹرول نہیں بڑھا اور خون میں شکر کی سطح بھی حد میں رہی۔