بلوچستان میں سیکیورٹی آپریشن کے دوران ایف سی کا جوان شہید

بلوچستان میں سیکیورٹی آپریشن کے دوران ایف سی کا جوان شہید


پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ بلوچستان کے ضلع خاران میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن (آئی بی او) کے دوران فرنٹیئر کورپس کا ایک فوجی شہید ہوگیا۔

آئی ایس پی آر نے ایک بیان میں کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے ہلمرگ میں آپریشن کیا جس کے دوران بے گناہ شہریوں کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی فورسز کے خلاف تشدد/دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں ملوث 2 دہشتگرد ہلاک اور بھاری مقدار میں اسلحہ / گولہ بارود برآمد کرلیا گیا ہے’۔

مزید بتایا گیا کہ فائرنگ کے تبادلے میں فرنٹیئر کورپس بلوچستان کا ایک سپاہی، جس کی شناخت فدا الرحمٰن کے نام سے ہوئی ہے، شہید ہو گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ‘سیکیورٹی فورسز ایسے مذموم عزائم رکھنے والے عناصر کے خلاف وطن کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہے اور وہ کسی بھی قیمت پر بلوچستان میں امن و استحکام کا تحفظ کریں گی’۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں بلوچستان میں دو الگ الگ حملوں میں 4 فوجی شہید اور 8 زخمی ہوچکے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایک واقعے میں کم از کم چار دہشت گرد ہلاک اور آٹھ زخمی ہوئے تھے۔

کوئٹہ میں پیر اسمٰعیل زیارت کے قریب ایک ایف سی چوکی کو دہشت گردوں نے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو کچھ دیر تک جاری رہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ‘واقعے میں 4 سے 5 دہشت گرد مارے گئے اور 7 سے 8 زخمی ہوئے’۔

فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایف سی کے چار بہادر فوجیوں نے جام شہادت نوش کیا جبکہ چھ فوجی زخمی ہوگئے۔

دوسرے واقعے میں دہشتگردوں نے تربت کے مقام پر ایک دیسی ساختہ دھماکا خیز آلے سے ایف سی کی گاڑی کو نشانہ بنایا جس سے دو ایف سی کے جوان فوجی زخمی ہوگئے تھے۔


اپنا تبصرہ لکھیں