بلوچستان: بولان میں چیک پوسٹ پر حملے میں 3 ایف سی اہلکار شہید

بلوچستان: بولان میں چیک پوسٹ پر حملے میں 3 ایف سی اہلکار شہید


بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مَرگت کوئلے کی کان کے قریب دہشت گردوں کے چیک پوسٹ پر حملے کے نتیجے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے 3 اہلکا شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔

حکام نے کہا کہ نامعلوم حملہ آوروں نے ایف سی کی خالد چیک پوسٹ پر خودکار ہتھیاروں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔

ذرائع نے کہا کہ ایف سی کے جوانوں نے بھرپور جوابی حملہ کیا تاہم حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب رہے۔

واقعے کے بعد ایف سی کے دستوں نے علاقے کا محاصرہ کرکے قریبی پہاڑی علاقوں میں سرچ آپریشن کا آغاز کردیا۔

تاہم اتوار کی رات تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی تھی۔

حملے میں شہید ہونے والے ایف سی اہلکاروں کی شناخت لانس نائیک حسین شاہ، سپاہی نعمان اور سپاہی فیصل کے ناموں سے ہوئی۔

حملے میں زخمی ہونے والے اہلکار کی شناخت پرویز کے نام سے ہوئی۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز پر حملے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

5 مئی کو ضلع ژوب میں افغانستان سے دہشت گردوں کے حملے میں فرنٹیئر کور کے 4 اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوگئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق بلوچستان کے ضلع ژوب میں پاک ۔ افغان سرحد کے ساتھ سیکٹر منکزئی میں باڑ لگانے کا کام جاری تھا، جس دوران افغانستان سے دہشت گردوں نے ایف سی کے اہلکاروں پر حملہ کیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں