برطانیہ میں کورونا وائرس سے ایک ہی روز میں مزید 621 افراد ہلاک


برطانیہ میں کورونا وائرس سے مزید 621 افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی کُل تعداد 4 ہزار 934 ہوگئی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق برطانیہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 5 ہزار 903 کیس آئے ہیں جس کے بعد پورے ملک میں متاثرہ افراد کی کل تعداد 47 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اتوار کو برطانیہ میں کورونا وائرس کے باعث 621 افراد  ہلاک ہوئے ہیں جو گذشتہ روز کی 708 اموات کے بعد ایک روز میں ہلاکتوں کی دوسری بڑی تعداد ہے۔

برطانوی وزارت صحت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گھر میں رہیں اور بلا ضرورت گھر سے نہ نکلیں ورنہ حکومت کو مزید سخت اقدامات کرنا پڑیں گے۔

دوسری جانب ایمپریل کالج لندن کےایک پروفیسر اور ماہر وبائی امراض نیل فرگیوسن کا کہنا ہے کہ اگر برطانیہ میں سماجی دوری کے احکامات کو مسلسل نظر انداز کیا جاتا رہا تو  ہلاکتوں کی تعداد آنے والے کچھ ہفتوں میں بہت زیادہ بڑھ جائے گی۔

اٹلی میں مزید 525 افراد ہلاک

اٹلی میں آج مزید 525 افراد کورونا وائرس کے جان کی بازی ہارچکے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 15 ہزار 887 ہوچکی ہے جو کہ دنیا بھر میں اب تک سب سے زیادہ ہے۔

 آج ہونے والی 525 اموات اٹلی میں گذشتہ دو ہفتوں کے دوران کی سب سے کم تعداد ہے، اس سے قبل 19 مارچ کو 427 افراد کی ہلاکت ہوئی تھی۔

اٹلی میں کورونا کے مزید 4 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد کل متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 28 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جو کہ دنیا بھر میں تیسری بڑی تعداد ہے۔

اسپین میں مزید 471 افراد ہلاک ہوگئے

کورونا وائرس کے تیزی سے بڑھتے کیسز کے باعث اسپین وبا سے متاثرہ یورپ کا سب سے بڑا ملک بن گیا ہے۔

کورونا وائرس سے اسپین میں آج مزید 471 افراد کی اموات ہوئی ہے جس کے بعد کل ہلاکتوں کی تعداد 12 ہزار 418 ہوگئی ہے۔

اس کے علاوہ ساڑھے 4 ہزار سے زائد مزید افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 30 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

اس کے علاوہ یورپ کے دیگر ممالک میں بھی کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے اور جرمنی میں مزید 106، بیلجیئم میں 164، نیدر لینڈ میں 115، سوئیڈن میں 28 اور پرتگال میں 29 اموات سامنے آئی ہیں۔

خیال رہے کہ چین کے بعد کورونا وائرس نے دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور اس وقت تک متاثرہ افراد کی تعداد 12 لاکھ 58 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جن میں سے 68 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں