بحرین اور کویت میں بھی کورونا وائرس کے کیسز سامنے آگئے


چین میں کورونا وائرس سے مزید 150 ہلاکتوں کے بعد مرنے والوں کی تعداد 2592 ہوگئی جب کہ بحرین اور کویت میں بھی وائرس کے کیسز سامنے آگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق چین کے ہیلتھ کمیشن نے اتوار کے روز کورونا وائرس سے مزید 150 ہلاکتوں کی تصدیق کی۔

اس کے علاوہ جنوبی کوریا میں کورونا وائرس کے مزید 161 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 763 ہوگئی ہے۔

جب کہ جنوبی کوریا کے حکام نے وائرس سے مزید 2 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی، جنوبی کوریا میں اب تک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔

علاوہ ازیں کویت اور بحرین میں بھی کورونا وائرس کے کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے۔

بحرین کے حکام کے مطابق ملک میں وائرس کے ایک کیس کی تصدیق ہوئی ہے اور متاثرہ شخص ایران سے آیا ہے جب کہ کویتی حکام نے ملک میں تین کیسز رپورٹ ہونے کی تصدیق کی ہے۔

ایران میں کورونا کے کیس سامنے آنے کے بعد ترکی، پاکستان، ارمینیا نے ایران سے اپنی سرحدیں بند کردی ہیں، اس کے علاوہ افغانستان نے بھی اپنے شہریوں کو ایران کے حوالے سے سفری ہدایات جاری کی ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق اٹلی میں کورونا وائرس کے 152 کیسز سامنے آئے ہیں اور اب تک 3 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں