لاہور: انضمام الحق نے بھی بابر اعظم کی سنچری پر دبے لفظوں میں تنقید کر دی۔
پشاور زلمی کی جانب سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پی ایس ایل کا سب سے بڑا ہدف241 دیا گیا تھا مگر وہ ناکافی ثابت ہوا، حریف ٹیم نے 10بالز قبل ہی فتح کا مشن مکمل کرکے تاریخ رقم کردی، سنچری کے قریب پہنچ کر کپتان بابر اعظم کے محتاط انداز پر تنقید کرتے ہوئے کہا جارہا ہے کہ اگر وہ آخر میں تیز کھیلتے تو پشاور زلمی کی ٹیم 265سے زائد کا ہدف دے سکتی تھی۔
ایک ٹی وی شو میں اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پشاورزلمی کے مینٹور انضمام الحق نے کہا کہ ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی اور بیٹر کوہلر کیڈمور آپس میں بولنگ پر بات کررہے تھے، میں نے کہا کہ ہم نے بولنگ خراب نہیں کی،بیٹنگ میں 25رنز کم بنائے،کیڈمور نے کہا کہ کوئٹہ نے ہدف 10گیندیں قبل عبور کیا،لگتا ہے ہم نے 40رنز کم بنائے۔
انضمام نے کہا کہ میرے خیال میں بابر اعظم کی بیٹنگ ایک مرحلے پر سست تھی،شاید وہ یہ چیز دیکھ رہے تھے کہ اسکور تو کافی کرلیا،بعد میں محسوس ہوا کہ ہم نے کم مجموعہ حاصل کیا،اس بات پر غور کرنا چاہیے کہ آپ نے جو مومینٹم پالیا،اسی کو برقرار رکھیں،بعض اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ ہٹ نہیں لگتی،میں نہیں جانتا کہ اس وقت بابر کیا سوچ رہے تھے مگر میچ میں اپنے 50یا 100کا نہیں سوچنا چاہیے۔
ایک سوال پر سابق کپتان نے بائونڈری لائن بڑھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اب تو اسپنرز کو راتوں کو نیند بھی نہیں آ رہی، بائونڈری لائن کو 70 کے بجائے 75 میٹر کردینا چاہیے۔