ایچ بی ایل پی ایس ایل 7؛ اسلام آباد یونائیٹڈ متوازن کمبی نیشن کیلیے فکر مند

ایچ بی ایل پی ایس ایل 7؛ اسلام آباد یونائیٹڈ متوازن کمبی نیشن کیلیے فکر مند


 لاہور: 

 ایچ بی ایل پی ایس ایل 7میں اسلام آباد یونائیٹڈ آج شیڈول میچ میں متوازن کمبی نیشن کیلیے فکر مند ہوں گے۔قذافی اسٹیڈیم لاہورمیں جمعرات کو اسلام آباد یونائیٹ اور پشاوزلمی کی ٹیمیں مقابل ہوں گی،کراچی کنگز کیخلاف سنسنی خیز مقابلے میں ایک رن سے فتح حاصل کرنے والی اسلام آباد کی ٹیم نے 7میں سے 4میچز جیتے ہیں۔

آخری میچ میں شاداب خان ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے بولنگ نہیں کرپائے تھے، وہ زلمی کیخلاف نہیں کھیل سکیں گے،ذیشان ضمیر بھی سلیکشن کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔

اچھے آغاز فراہم کرنے والے پال اسٹرلنگ تو پہلے ہی رخصت ہوگئے تھے،اب ساتھی اوپنر الیکس ہیلز نے بھی ایونٹ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کرلیا،اخلاق احمد ابھی تک ملنے والے مواقع سے فائدہ نہیں اٹھاسکے ہیں،لیام ڈاسن بھی بڑی اننگز نہیں کھیل پارہے۔

اعظم خان اورآصف علی کو توقعات کا بوجھ اٹھانا ہوگا،آل راؤنڈرز فہیم اشرف اور حسن علی بھی جارحانہ بیٹنگ کرسکتے ہیں مگر بولنگ میں دونوں سینئرز کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے،لیام ڈاسن بھی بہتر پرفارم کرنے کیلیے فکر مند ہوں گے۔

دوسری جانب پشاورزلمی نے 8میں سے 4میچز جیتے ہیں،حضرت اللہ زازئی،محمد حارث اور شعیب ملک نے اب تک چند اچھی اننگز کھیلیں،بین کٹنگ بھی حریف بولنگ کو تہس نہس کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

حسین طلعت نے گزشتہ میچ میں فارم بحال کرلی،لیام لیونگ اسٹن اور شرفین ردر فورڈ کا بیٹ نہیں چل رہا،اسپنر عثمان قادر قذافی اسٹیڈیم کی پچ کا فائدہ اٹھاسکتے ہیں،وہاب ریاض اور سلمان ارشاد بہتر ردھم میں آتے جارہے ہیں،حسین طلعت بھی اچھا ساتھ دے رہے ہیں۔

گزشتہ باہمی مقابلے میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 9وکٹ سے فتح پائی تھی۔


اپنا تبصرہ لکھیں