ایپل آخرکار فولڈ ایبل آئی فون متعارف کرانے کے لیے تیار


ایپل کے نئے آئی فون 13 (یا جو بھی اس کا نام ہوگا) کی آمد تو ستمبر میں ہوگی مگر اس کے حوالے سے لیکس کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ایپل کی جانب سے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کی تیاری پر کام شروع کردیا گیا ہے۔

اس مقصد کے لیے ایپل نے آئی فونز کے لیے فولڈ ایبل اسکرین پروٹوٹائپس کی آزمائش شروع کردی ہے، تاہم ابھی فیصلہ نہیں کیا کہ کس ماڈل کی جگہ اسے دی جائے گی۔

کمپنی کی جانب سے مکمل آئی فون ماڈل کی بجائے اسکرین پروٹوٹائپ کی آزمائش کی جارہی ہے۔

تاہم رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2021 کے آئی فونز میں فولڈایبل ماڈل کی شمولیت کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے بلکہ اس بار گزشتہ سال کے ماڈلز میں 5 جی فیچرز کو بہتر بنائے جانے کا زیادہ امکان ہے۔

2021 کے آئی فون ماڈلز میں پہلی بار ڈسپلے کے اندر فنگرپرنٹ سنسر دیئے جانے کا امکان ہے۔

سام سنگ ، موٹرولا اور ہواوے تو باقاعدہ فولڈ ایبل فونز متعارف کرائے جاچکے ہیں، جبکہ ایل جی، اوپو اور دیگر کمپنیوں کی جانب سے کانسیپٹ ڈیوائسز میں اس ٹیکنالوجی کا اظہار کیا گیا ہے۔

ایپل نے حالیہ برسوں میں فولڈ ایبل فون کے متعدد ڈیزائنز پیٹنٹ کرائے ہیں۔

ایپل کی جانب سے بلومبرگ کی رپورٹ پر کوئی ردعمل جاری نہیں کیا گیا، ویسے بھی یہ کمپنی میڈیا رپورٹس پر کوئی جواب نہیں دیا جاتا۔

فولڈ ایبل فون کے ساتھ ساتھ ایپل کی جانب سے جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس خودکار ڈرائیونگ والی گاڑی کی تیاری کے منصوبے میں بھی تیزی سے پیشرفت ہورہی ہے۔

مختلف رپورٹس کے مطابق ایپل اور ہونڈائی کے درمیان اس گاڑی کی تیاری کے لیے معاہدہ بھی ہوا ہے اور پروٹوٹائپ ماڈل 2022 میں پیش کیا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ ایپل کے خودکار ڈرائیونگ کی تیاری کے خفیہ منصوبے یا پراجیکٹ ٹائٹن کے حوالے سے کئی برسوں سے رپورٹس سامنے آرہی ہیں۔

مگر اب جاکر لگتا ہے کہ ایپل کا یہ منصوبہ ٹھوس شکل اختیار کرنے والا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں