بالی ووڈ کے سینئر اداکار امیتابھ بچن کا سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر سے بلیو ٹک ہٹادیا گیا جس پر انہوں نے ٹوئٹر کو پیغام لکھ دیا۔
ٹوئٹر پر امیتابھ بچن نے لکھا کہ ’ٹوئٹر آپ سن رہے ہیں، میں سبسکرپشن سروس کی ادائیگی کر چکا ہوں، برائے مہربانی میرے نام کے آگے بلیو ٹک واپس لگا دیا جائے‘۔
بالی ووڈ اداکار نے لکھا کہ ’تا کہ لوگوں کو پتا چل جائے کہ میں امیتابھ بچن ہوں، میں ہاتھ جوڑ کر آپ سے درخواست کر رہا ہوں اور کیا اب آپ کے پیروں میں گر جاؤں‘۔
بھارتی میڈیا کے مطابق امیتابھ بچن کا یہ مزاحیہ انداز مداحوں کو پسند آگیا جس پر ان کی پوسٹ پر دلچسپ تبصرے شروع کردیے گئے۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’امیتابھ بچن، ایلون مسک غیرملکی ہے،وہ کبھی کسی کی نہیں سنتا‘ جبکہ دوسرے صارف نے لکھا کہ ’آپ کو کچھ دن انتظار کرنا پڑے گا‘۔
اس کے علاوہ بھارت میں شاہ رخ خان اور ویرات کوہلی کے اکاؤنٹ سے بھی بلیو ٹک ہٹادیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں کئی اہم شخصیات کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹس سے بلیو ٹک ہٹادیا گیا ہے۔