فیڈر ل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے آئی آر آئی ایس سسٹم میں خرابی اور سست روی پر کراچی چیمبر نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
صدر کراچی چیمبر کا کہنا ہے کہ سسٹم کی خرابی کے باعث ٹیکس گزار سلیز ٹیکس ریٹرن جمع کرنے سے قاصر ہیں، انکسچر اے، بی، سی میں ڈیٹا درج ہی نہیں ہو رہا، نہ ہی آپشنز کھل رہے ہیں۔
صدر کراچی چیمبر محمد ادریس نے کہا کہ کنکشن میں تعطلی کی وجہ سی زیادہ ڈیٹا، فائلیں پروسیس نہیں ہو رہیں، ٹیکس گزاروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی آر آئی ایس کے سسٹم سے خرابی کو فوری دور کیا جائے، اور سسٹم میں بہتری لائی جائے تاکہ ٹیکس گزار سلیز ٹیکس ریٹرن جمع کروا سکیں۔
صدر کراچی چیمبر نے کہا کہ اگر سسٹم اسی طرح سست روی کا شکار رہا تو ٹیکس گزاروں کے لئے ریٹرن جمع کروانا مشکل ہوگا، ایف بی آر ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کے طریقہ کار کو آسان بنائے، پیچیدگیوں کو ختم کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر سسٹم میں بہتری نہ آئی تو ڈیڈ لائن بڑھانی پڑے گی، ٹیکس گزاروں کو ریلیف مہیا کرنا ہوگا۔