اگر مجھے نہ نکالا جاتا تو ملک میں کوئی بے روزگار نہ ہوتا، نواز شریف

اگر مجھے نہ نکالا جاتا تو ملک میں کوئی بے روزگار نہ ہوتا، نواز شریف


مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ اگر نواز شریف کو نہ نکالا جاتا اور اگر نواز شریف کی حکومت نہ توڑی جاتی تو اس جلسے تو کیا پورے ملک میں بھی کوئی بے روزگار نہ ہوتا۔

قصور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ یوتھ پاکستان اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے ساتھ ہے، آج جلسہ گاہ سے باہر ایک اور جلسہ ہے اور یہ خوشی کا اظہار کررہے ہیں کہ شہباز شریف یہاں سے الیکشن لڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں شہباز شریف سے کہوں گا کہ آپ کھڈیاں آئے ہیں تو کھُڈیاں کی تقدیر بدلنی چاہیے، ان کی تقدیر بدلنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر نواز شریف کو نہ نکالا جاتا اور اگر نواز شریف کی حکومت نہ توڑی جاتی تو آپ میں سے کوئی بھی نوجوان بے روزگار نہ ہوتا اور سب کے پاس باعزت روزگار ہوتا، اگر نواز شریف کا دور جاری رہتا تو اس جلسے تو کیا پورے ملک میں بھی کوئی بے روزگار نہ ہوتا۔

مسلم لیگ(ن) کے قائد نے کہا کہ اگر نواز شریف کو نہ نکالا جاتا تو پورا ملک خوشحال ہوتا لیکن ہمیں بہت ٹھوکریں لگی ہیں، ہمیں ان ٹھوکروں اور مشکلوں سے باہر نکلنا ہے، ہم نے پھر ترقی کی دوڑ میں شامل ہونا ہے اور ایشین ٹائیگر بننا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دو دن بعد جو سورج طلوع ہونے والا ہے وہ پاکستان کے لیے خوشحالی کا پیغام لے کر آ رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب نواز شریف کا دور تھا تو پاکستان میں خوشحالی تھی یا نہیں تھی، یہ دھرنوں میں مصروف تھے اور ہم لوڈشیڈنگ کو ختم کرنے میں مصروف تھے، یہ دھرنوں میں مصروف تھے اور ہم موٹر وے بنانے اور لوگوں کو سستی گیس اور بجلی دینے میں مصروف تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ دھرنوں میں مصروف تھے اور ہم دہشت گردی کو ختم کرنے میں مصروف تھے ، یہ دھرنوں میں مصروف تھے اور ہم کسانوں کو سستی کھاد دے رہے تھے

نواز شریف نے کہا کہ انہوں نے کہا تھا کہ ہم 50 لاکھ گھر دیں گے، کیا کسی کو گھر ملا، کہاں گئے وہ 50لاکھ گھر، ایک کروڑ نوکریاں کہاں گئیں، کسی کو بھی نوکری ملی، ایک بلین ٹری کا منصوبہ کہاں گیا اور پاکستان کا اربوں کا نقصان ہوا، کہاں گئے وہ 350 ڈیم، کیا ایک بھی ڈیم نظر آتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اس ملک کو دوبارہ بنائیں گے، دوبارہ تعمیر کریں گے، یہ نوجوان شہباز شریف اور نوز شریف کے ساتھی بنیں گے اور کندھے سے کندھا ملا کر کام کریں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں