اپنی بہن کی گوری رنگت سے جلتی تھی، شلپا شیٹھی


بولی وڈ اداکارہ شلپا شیٹھی حال ہی میں اپنی بہن اداکارہ شمیتا شیٹھی کے ہمراہ ایک انٹرویو کا حصہ بنیں جہاں ان دونوں نے اپنی زندگی سے متعلق کئی اہم پہلوؤں پر بات کی۔

انٹرویو کے دوران شلپا شیٹھی نے انکشاف کیا کہ بچپن میں وہ اپنی بہن سے جلتی تھیں اور یہی وجہ ہے کہ ان دونوں کے درمیان بہت زیادہ جھگڑے بھی ہوئے۔

شلپا شیٹھی کا کہنا تھا کہ ’بچپن میں ہم دونوں کے درمیان بہت جھگڑے ہوتے تھے، ایک بار میں نے شمیتا کو والد کی الماری میں بند کردیا تھا، جب وہ اس الماری سے باہر نکلی تو اس نے مجھے بہت مارا، ایک بار جھگڑے میں، میں نے اس کے چہرے پر کچھ مار بھی دیا تھا جس سے اسے چوٹ بھی آئی‘۔

اس موقع پر شمیتا کا ہنستے ہوئے کہنا تھا کہ ’سوچیں اس نے مجھے چوٹ تک پہنچائی اور لوگ کہتے ہیں کہ میں غصے کی تیز ہوں‘۔

شلپا شیٹھی نے اس موقع پر یہ بھی بتایا کہ جب شمیتا ہندی سینما انڈسٹری میں قدم رکھ رہی تھیں تو وہ یہ سوچ کر خوف زدہ ہوگئی تھیں کہ شمیتا کے آنے کے بعد کوئی انہیں کام نہیں دے گا۔

شلپا کے مطابق ’مجھے ہمیشہ ایسا لگتا تھا کہ شمیتا ہم دونوں میں زیادہ خوبصورت ہے، اس کا رنگ گورا ہے، وہ بہتر اداکارہ اور ڈانسر ہے، اس لیے میں پہلی بار یہ بات قبول کروں گی کہ جب اس نے فلم محبتیں کے ساتھ ڈیبیو کیا تو مجھے ایسا لگا کہ اب مجھے کوئی کام نہیں دے گا‘۔

شلپا شیٹھی کے مطابق وہ اس احساس کمتری کا شکار معاشرے اور ہندی سینما میں گوری رنگت کو پسند کرنے خیال کے باعث ہوئیں۔

دونوں بہنوں کا شمار بولی وڈ کی مقبول اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے  ، فوٹو: فائل
دونوں بہنوں کا شمار بولی وڈ کی مقبول اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے ، فوٹو: فائل

انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ بچپن میں وہ اپنی والدہ سے یہ کہہ کر بھی لڑا کرتی تھی کہ انہوں نے شمیتا کو گورا کیا جبکہ انہیں کالا بنایا۔

دوسری جانب شمیتا کا کہنا تھا کہ ’اسکول میں میں ایک ایکٹو لڑکی سمجھی جاتی تھی، جب میں بولی وڈ انڈسٹری کا حصہ بنی تو سب کچھ تبدیل ہوگیا، مجھے اپنی خود کی پہچان بنانے میں بہت مشکل ہوئی، میرا موازنہ دوسری اداکاراؤں سے کیا گیا جبکہ میڈیا کا برتاؤ بھی میری ساتھ منفی رہا‘۔

البتہ دونوں بہنوں کا کہنا تھا کہ ان کے درمیان یہ جھگڑے صرف بچپن میں ہوئے جبکہ سمجھ بوجھ آنے کے بعد وہ ایک دوسرے کے بہت زیادہ قریب ہوگئیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں