اٹلی میں مزید 793 اموات، دنیا بھر میں کورونا سے 11 ہزار سے زائد افراد ہلاک


دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے اور اٹلی میں ایک دن میں 793 افراد کی ہلاکت کے بعد دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 11 ہزار سے تجاوز کر گئی۔

یورپ میں ہلاکتوں کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے اور اٹلی، جرمنی اور اسپین میں کیسز تیزی سے رپورٹ ہونے کے سبب دنیا بھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

عالمی سطح پر ہلاکتوں کی تعداد 11 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے اور امریکا کی جان ہوپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جمع کیے گئے ڈیٹا کے مطابق دنیا بھر میں 2 لاکھ 77 ہزار افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 88 ہزار صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔

اٹلی میں ایک دن میں 793 ہلاکتیں

دنیا بھر میں وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک اٹلی نے ہفتے کو مزید 793 افراد کی ہلاکت کا اعلان کیا جس سے صرف اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار 825 افراد ہو چکی ہے۔

ایران میں بھی ہفتے کو مزید 100 سے زائد ہلاکتوں کے بعد مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 556 ہو گئی ہے۔

قطر نے ملک میں مجمعے کے اکٹھا ہونے اور تقریبات پر پابندی کا اعلان کردیا ہے جبکہ تمام تر عوامی مقامات کو بند کردیا گیا ہے۔

قطر میں اب تک 481 افراد میں نزلے جیسی بیماری کی تشخیص ہوئی ہے البتہ کسی بھی شخص کو کورونا سے متاثرہ قرار نہیں دیا گیا۔

برازیل کی سب سے بڑی ریاست میں لاک ڈاؤن

وائرس سے نمٹنے کے لیے برازیل کی سب سے بڑی ریاست کو دو ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ساؤ پاؤلو کے گورنر جاؤ ڈوریا نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کا اطلاق منگل سے ہو گا جو 7 اپریل تک جاری رہے گا۔

ساؤ پاؤلو سے قطع نظر برازیل بھر کی اہم ریاستوں میں تمام غیر ضروری کاروبار بند ہے اور عوام کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ بلاضرورت گھروں سے نکلنے سے گریز کریں۔

انگلینڈ میں مزید 53 افراد ہلاک

ادھر انگلینڈ میں وائرس سے مزید 53 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جس سے ملک بھر میں وائرس سے اموات کی تعداد 220 ہو گئی ہے۔

انگلینڈ میں وائرس کی زد میں آ کر مرنے والے تمام افراد کی عمریں 41 سے 94 سال کے درمیان تھیں۔

لبنان کے وزیر اعظم حسان دیاب نے وائرس کے سبب کرفیو پر عمل درآمد کرانے کا حکم دیا ہے اور سیکیورٹی فورسز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ لوگوں کو گھروں تک محدود رکھنے اور ایک جگہ جمع ہونے سے روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔

امریکا میں ہلاکتیں اور لاک ڈاؤن

امریکا کی 3 ریاستوں کو لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور امریکی ریاست کیلی فورنیا کے بعد نیویارک اور ایلینوائے کی انتظامیہ کی جانب سے بھی اعلان کیا گیا کہ وہ رواں ہفتے کے اختتام سے اپنے شہریوں کو ان کے گھروں تک محدود کردیں گے، ان تینوں ریاستوں کی مجموعی آبادی 7 کروڑ نفوس پر مشتمل ہے۔

امریکی نائب صدر مائیک پینس نے کہا ہے کہ وہ اپنے ساتھی کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اپنا بھی ٹیسٹ کرائیں گے۔

مائیک پینس نے کہا کہ ملک کے نائب صدر اور وائٹ ہاؤس کی کورونا ٹاسک فورس کے سربراہ کی حیثیت سے میں اور میری بیوی کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرائیں گے۔

مائیک پینس کے مطابق ایک لاکھ 95 ہزار امریکیوں کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور ان میں سے 19ہزار 500 افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔

امریکا میں اب تک 267 افراد وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں اور 21 ہزار 240افراد میں وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے جبکہ امریکا کی تمام 50 ریاستوں میں وائرس پھیل چکا ہے۔

اسپین میں ایک دن میں 5 ہزار نئے کیس رپورٹ

ویتنام میں اتوار سے تمام غیر ملکیوں کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ جارجیا نے بھی ملک بھر میں ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کردیا ہے۔

جارجیا میں اب تک 48 افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 300 افراد کو قرنطینہ رکھا گیا ہے۔

یورپ میں اٹلی کے بعد سب سے زیادہ اسپین متاثر ہوا ہے اور ملک میں ایک دن میں مزید 5 ہزار افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

ملک میں اب تک 25 ہزار افراد میں وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے اور ایک ہزار 326 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

اسپین میں سب سے زیادہ کیسز میڈرڈ میں رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 9 ہزار افراد وائرس کی زد میں آچکے ہیں جبکہ کیتالونیا میں بھی 4 ہزار وائرس سے متاثرہ مریض ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں