’آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ‘، عمران خان کچھ دیر میں براہ راست عوامی مسائل سنیں گے


وزیراعظم عمران خان عوام سے براہ راست رابطے کے سلسلے میں اب سے کچھ دیر بعد عوام سے ٹیلی فون پر بات کریں گے اور ان کے مسائل سنیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز یہ اعلان کیا گیا تھا کہ عمران خان پیر کی شام 4 بجے عوام سے ٹیلی فون پر بات کریں گے اور اس پروگرام کو ’آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ‘ کا نام دیا گیا ہے۔

اس ٹیلی فونک گفتگو میں وزیراعظم عمران خان عوام کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کا براہ راست جواب دیں گے، اس سلسلے میں ایک ٹیلی فون نمبر بھی جاری کیا گیا تھا اور بیان میں بتایا گیا تھا کہ لائنیں 4 بجے سے کھول دی جائیں گی۔

عوام وزیراعظم سے براہ راست رابطے کے لیے آج شام 4 بجے سے ’0519210809‘ اس نمبر پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دور حکومت میں یہ پہلی مرتبہ دیکھنے میں آرہا ہے کہ وزیراعظم براہ راست عوامی سوالات کا ٹیلی فون پر جواب دیں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان ٹی وی پر براہ راست مختلف ٹیلی تھون بھی کرچکے ہیں جس میں احساس پروگرام کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے کی ٹیلی تھون بھی شامل تھی۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان سوشل میڈیا پر کافی متحرک بھی رہتے ہیں جبکہ گزشتہ دنوں ڈان کی ایک رپورٹ میں یہ انکشاف بھی ہوا تھا کہ حکمران جماعت پی ٹی آئی کے اندر ایک انوکھا چیلنج درپیش ہے کہ ارکان وزیر اعظم عمران خان سے محض ایک واٹس ایپ پیغام پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

پارٹی کے ایک سینئر عہدیدار نے ڈان کو بتایا تھا کہ وزیر اعظم ذاتی طور پر واٹس ایپ کے ذریعے مختلف ترجمانوں کو ان کی کارکردگی پر رائے دیتے ہیں، تاہم یہ ہمیشہ پیٹھ پر تھپکی نہیں ہوتی۔


اپنا تبصرہ لکھیں