آٹا مزید مہنگا، نانبائیوں نے روٹی کی قیمت 30 روپے کرنے کا مطالبہ کردیا


ملک میں آٹے کی قیمت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے جبکہ بیشتر یوٹیلیٹی اسٹورزپر چینی بھی دستیاب نہیں ہے۔

کوئٹہ میں کراچی سے آنے والے چکی کے آٹے کی قیمت میں مزید اضافہ ریکارڈکیا گیا ہے اور  آٹے کی فی کلو قیمت میں 4 روپے اور 10کلو کے تھیلے کی قیمت میں 40 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

آٹا مہنگا ہونے پر کوئٹہ کے نان بائیوں نے روٹی کی قیمت میں اضافے کا مطالبہ کرتے ہوئے شہر بھر میں تندور بند کردیے ہیں۔

 نانبائیوں کا کہنا ہے کہ 320گرام کی روٹی 20 روپے میں فروخت کرنا ممکن نہیں، قیمت 30 روپے کرنے کی اجازت دی جائے۔

پشاور میں آٹے کی 85 کلوگرام بوری کی قیمت 6 ہزار 200 روپے تک جا پہنچی ہے اور مارکیٹ میں فائن آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 1420 روپے میں دستیاب ہے جب کہ ایک کلو چینی 115 روپے کی ہوگئی ہے۔

دوسری جانب کراچی اور لاہور کے بیشتر یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی دستیاب نہیں ،چینی کی تلاش میں شہری ایک یوٹیلیٹی اسٹور سے دوسرے کے چکر لگانے پر مجبور ہیں۔

لاہور میں  چینی فی کلو 100روپے سے 105 روپے کلو تک فروخت ہورہی ہے، وزیر اعظم کے نوٹس لینے کے بعد بھی صورت حال میں بہتری نہیں آسکی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں