آزاد کشمیر اور شمالی علاقہ جات سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں پیش آنے والے حادثات میں ایک بچی جاں بحق اور 4 بچے زخمی ہوگئے۔
ملکہ کوہسار مری، مالم جبہ، کالام ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیرکے مختلف علاقوں میں برفباری شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔
موسم سرما کی بارشیں بھی جاری
دوسری جانب اسلام آباد اور لاہور میں بارش سے موسم مزید سرد ہو گیا، اس کے علاوہ ملتان، راجن پور، فیصل آباد، لودھراں، ڈیرہ غازی خان میں بھی بارش ہوئی۔
سکھر،گھوٹکی، ڈہرکی، اوباڑو ،خانپور مہر اور میرپور ماتھیلو میں بھی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔
ملتان اور سکھر میں بارش کے بعد حادثات پیش آئے جہاں ملتان کے علاقے ممتاز آباد کچا مکان گرنے سے 4 بچے زخمی ہو گئے جب کہ سکھر میں بھی مکان کی چھت گرنے سے ایک بچی جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہوگئے۔