آرمی چیف جنرل عاصم نے یکم نومبر 2023 سے تمام غیر قانونی غیر ملکیوں کو وطن واپس بھیجنے اور ملک بدر کرنے کے وفاقی حکومت کے فیصلے کی مکمل حمایت کرتے ہوئے تمام غیر قانونی تارکین وطن اور غیر ملکیوں کی باعزت اور محفوظ طریقے سے وطن واپسی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے آج جنرل ہیڈکوارٹرز میں 260ویں کور کمانڈرز کانفرنس کی صدارت کی۔
شرکا نے ماہ ربیع الاول میں مستونگ، ہنگو اور ژوب کے شہدا کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کرنے کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کی لعنت سے لڑتے ہوئے مادر وطن کے دفاع کے لیے عظیم قربانیاں دینے والی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
غیرقانونی تارکین وطن کی محفوظ طریقے سے واپسی یقینی بنانے کی ہدایت
فورم نے یکم نومبر 2023 سے تمام غیر قانونی غیر ملکیوں کو وطن واپس بھیجنے اور ملک بدر کرنے کے وفاقی حکومت کے فیصلے کی مکمل حمایت کی۔
چیف آف آرمی اسٹاف نے تمام متعلقہ افراد کو ہدایت کی کہ تمام غیر قانونی غیر ملکیوں کی ہموار، باعزت اور محفوظ طریقے سے وطن واپسی اور بےدخلی یقینی بناتے ہوئے انہیں سہولت فراہم کی جائے۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد پاکستان میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر غیر ملکی افراد کو اپنے وطن واپس لوٹنے کے لیے یکم نومبر تک کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی اور یہ واضھ کردیا گیا تھا کہ اس کے بعد نہ جانے والوں کو ڈی پورٹ کردیا جائے گا۔
نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا تھا کہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر غیرملکی افراد کو ہم نے یکم نومبر تک کی ڈیڈ لائن دی ہے کہ وہ اس تاریخ تک رضاکارانہ طور پر اپنے اپنے ممالک میں واپس چلے جائیں اور اگر وہ یکم نومبر تک واپس نہیں جاتے تو ریاست کے جتنے بھی قانون نافذ کرنے والے ادارے ہیں وہ اس بات کا نفاذ یقینی بناتے ہوئے ایسے افراد کو ڈی پورٹ کریں گے۔
شرکا نے اس عزم اظہار کیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے تمام دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور حوصلہ افزائی کرنے والوں سے ریاست غیر متزلزل عزم کے ساتھ نمٹے گی۔
فلسطینی بھائیوں کے اصولی موقف کی حمایت
فورم کو موجودہ جیو اسٹریٹجک ماحول، قومی سلامتی کو درپیش خطرات اور ابھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے بنائی گئی حکمت عملی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
کور کمانڈر کانفرنس کے دوران ہر قسم کے بالواسطہ اور بلاواسطہ خطرات کے خلاف پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
جنرل عاصم منیر نے اس کے علاوہ آپریشنز کے دوران پیشہ ورانہ مہارت اور حوصلہ افزائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار اور فارمیشنز کی تربیت کے دوران عمدہ کارکردگی کے حصول پر بھی زور دیا۔
فورم نے حماس ۔ اسرائیل جنگ میں ہونے والی پیش رفت اور اسرائیل کی جانب سے طاقت کے بے دریغ اور غیرمتناسب استعمال کی وجہ سے معصوم شہریوں کی جانوں کو پہنچنے والے بھاری نقصان کو بھی تشویش کی نگاہ سے دیکھا۔
آرمی چیف نے کہا کہ فلسطینی عوام کو پاکستانی قوم کی واضح سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت حاصل ہے اور ہم مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل اور ان کی سرزمین اور مسلمانوں کے مقامات مقدسہ پر غیر قانونی قبضے کے خاتمے کے لیے اپنے بھائیوں کے اصولی موقف کی حمایت جاری رکھیں گے۔
معیشت کی بحالی کے لیے حکومت پاکستان کے اقدامات کی حمایت
شرکا نے حکومت پاکستان کی جانب سے معیشت کی بحالی کے لیے کیے گئے اسٹریٹجک اقدامات کی مکمل حمایت کے عزم اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستانی عوام کی مجموعی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔
کور کمانڈر کانفرنس میں غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف جاری کارروائیوں کا بھی جامع جائزہ لیا گیا اور جنرل عاصم منیر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ملک بھر میں غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں کرنے میں حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہر ممکن مدد فراہم کرتی رہے گی۔
آرمی چیف نے کہا کہ مختلف ڈومینز میں ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ مافیاز کے خلاف کارروائیوں کو آنے والے دنوں میں مزید تقویت دی جائے گی تاکہ ملک کو اس طرح کے ناجائز طریقوں کے منفی اثرات سے نجات دلائی جا سکے۔
واضح رہے کہ ملک کی ابتر ہوتی معاشی صورتحال کے پیش نظر حکومت نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے چینی، ڈالر اور گندم کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ملک بھر میں کارروائی کا آغاز کیا تھا۔
گزشتہ ماہ پاکستان رینجرز (سندھ) نے چینی ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرتے ہوئے کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں کارروائی کے دوران چینی کے ایک لاکھ 40 ہزار بیگ برآمد کرلیے تھے۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے حال ہی میں کہا تھا کہ ملک میں ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کے خلاف بھرپور مہم جاری رہے گی اور زرمبادلہ کے ذخائر، ایکسچینج ریٹ اور مہنگائی جیسے مسائل سمیت بجلی کی چوری پر کافی حد تک قابو پانے کی کوشش کی گئی ہے۔
اس حوالے سے حکومت نے اسمگلنگ میں ملوث عناصر اور ذخیرہ اندوزوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے ذخیرہ اندوزوں اور اسمگلنگ میں ملوث عناصر کی اطلاعات دینے والوں کو انعامات دینے کا اعلان کیا تھا۔