انڈیانا جونز فلمی دنیا کا ایک ایسا کردار ہے جس کو بیشتر فلمی ناظرین پسند کرتے ہیں۔
اب یہ کردار ایک بار پھر بڑی اسکرین پر واپسی کررہا ہے اور ڈزنی اسٹوڈیوز نے انڈیانا جونز 5 کا پہلا ٹریلر اور ٹائٹل جاری کردیا ہے۔
انڈیانا جونز اینڈ دی ڈائل آف ڈیسٹنی ممکنہ طور پر اس کردار کا آخری ایڈونچر ہوگا۔
ہیریسن فورڈ ایک بار پھر مہم جو سائنسدان کا کردار ادا کریں گے اور فلم میں ان کی عمر کو اے آئی ٹیکنالوجی سے کم کرکے بھی دکھایا گیا ہے۔
اس فلم میں 1960 کی دہائی کو دکھایا گیا ہے جب امریکا اور سوویت یونین کے درمیان خلائی دوڑ جاری تھی۔
ٹریلر میں انڈیانا جونز کو متعدد اسٹنٹ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
فلم میں Mads Mikkelsen اور Antonio Banderas نے ولن کے کردار نبھائے ہیں۔
ڈائریکٹر James Mangold نے ہی فلم کی کہانی کو تحریر کیا ہے۔
یہ پہلی بار ہے جب اسٹیون اسپیلبرگ انڈیانا جونز فلم کی ہدایات نہیں دے رہے۔
خیال رہے کہ انڈیانا جونز رائیڈرز آف دی لوسٹ آرک اس سیریز کی پہلی فلم تھی جو 1981 میں ریلیز ہوئی تھی۔
اس سیریز کی چوتھی فلم 2008 میں ریلیز ہوئی تھی مگر وہ زیادہ کامیاب نہیں ہوسکی تھی۔
انڈیانا جونز 5 کو 30 جون 2023 کو ریلیز کیا جائے گا۔