بالی ووڈ کی معروف اداکارہ امیشا پٹیل نے اپنی نئی فلم ’غدر 2‘ کی شاندار کامیابی کے بعد حال ہی میں انکشاف کیا کہ ان کی فلم ’غدر‘ کی کامیابی کے بعد فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی نے انہیں ریٹائرمنٹ کا مشورہ دیا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے اداکارہ امیشا پٹیل نے انکشاف کیا کہ 2001 میں ان کے کیرئیر کے آغاز میں ان کی فلم ’غدر‘ بلاک بسٹر ثابت ہوئی تھی جسے دیکھنے کے بعد فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی نے انہیں ریٹائرمنٹ لینے کا مشورہ دیا۔
اداکارہ نے بتایا کہ وہ ہدایت کار کی بات سن کر بہت حیران ہوئیں اور کہا کہ اتنی جلدی کیوں ابھی تو میرا کیرئیر شروع ہوا ہے۔
جس پر سنجے لیلا بھنسالی نے کہا کہ تم نے اپنے کیرئیر کے شروع میں ہی وہ حاصل کرلیا ہے جو دیگر اداکارائیں حاصل نہیں کرپاتیں، مغل اعظم، پاکیزہ یا مدر انڈیا جیسی شاندار فلمیں ان کے کیرئیر میں بہت بعد میں آتی ہیں تو اب تم کیسے اس سے آگے بڑھو گی، تمہارے لئے مشکل ہو جائے گا تو تم ریٹائرمنٹ لے لو۔
اداکارہ نے کہا کہ اس وقت تو احساس نہیں ہوا کہ انہوں نے کیا کہا لیکن وقت کے ساتھ ساتھ پتا چلا کہ انہوں نے کتنی بڑی بات کہی تھی مجھے، کیونکہ بعد میں میری دیگر فلموں کا موازنہ غدر سے کیا جاتا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں امیشا پٹیل اور سنی دیول کی فلم ’غدر 2‘ بھی پہلے سیکویل کی طرح باکس آفس پر ہٹ ثابت ہوئی،اس کی کہانی بھی ’غدر‘ کی طرح پاکستان دشمنی پر مبنی ہے۔